روس میں ٹرین اور ٹرک کے تصادم کے بعد خوفناک آگ، ڈرائیور ہلاک
ماسکو(صداۓ روس)
روس کے علاقے سمولینسک میں ٹرین اور ٹرک کے درمیان ہولناک تصادم کے نتیجے میں شدید دھماکہ اور آگ بھڑک اٹھی۔ حکام کے مطابق حادثہ جمعے کے روز پیش آیا جب بیلاروس کے شہر ویتبسک جانے والی ریل پٹڑی پر ایک ٹرک نے کراسنگ پر سگنل نظرانداز کرتے ہوئے ٹرین کو راستہ نہ دیا۔ روس کی تفتیشی کمیٹی نے بتایا کہ ٹرک ڈرائیور جائے حادثہ پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق اس نے وارننگ لائٹس کو نظرانداز کیا اور گاڑی کو بروقت نہ روکا۔ اس واقعے پر مجرمانہ غفلت کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ریلوے حکام کے مطابق ٹرین کے ڈرائیور اور اس کے معاون کو معمولی زخم آئے تاہم انہیں اسپتال میں داخل کرانے کی ضرورت پیش نہ آئی۔ بیان میں بتایا گیا کہ حادثے کے نتیجے میں 18 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، جن میں سے 16 مکمل طور پر الٹ گئیں۔ ان میں 12 پٹرول سے بھری ہوئی تھیں جبکہ چار لکڑی کا سامان لے جا رہی تھیں۔
آگ لگنے کے بعد روس کی وزارتِ ایمرجنسی نے دس فائر ٹرک اور ایک خصوصی فائر فائٹنگ ٹرین موقع پر روانہ کی۔ کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد شعلوں پر قابو پایا گیا۔ حکام کے مطابق کراسنگ پر ریل اور سڑک دونوں راستوں پر آمد و رفت معطل کر دی گئی تھی، تاہم یہ رکاوٹ عارضی رہی اور بیلاروس کے ساتھ سرحدی سفر متاثر نہیں ہوا۔