روسی طیاروں کو مار گرانے کی باتیں غیر ذمہ دارانہ اور خطرناک، کریملن

Dmitry Peskov Dmitry Peskov

روسی طیاروں کو مار گرانے کی باتیں غیر ذمہ دارانہ اور خطرناک، کریملن

ماسکو (صداۓ روس)
کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے مغربی ممالک کی جانب سے دیے گئے ان بیانات کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے جن میں کہا گیا کہ روسی طیاروں کو مار گرایا جانا چاہیے۔ پیسکوف نے روسی صحافی پاویل زاروبن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ بیانات “انتہائی غیر ذمہ دارانہ، لاپروا اور اپنے نتائج کے اعتبار سے یقیناً خطرناک” ہیں۔
پیسکوف کے مطابق یورپ میں اس وقت ایک ایسا ماحول بنایا جا رہا ہے جو خود بخود مزید کشیدگی کو ہوا دیتا ہے۔ انہوں نے کہا، “وہ خود ہی مسائل اٹھاتے ہیں اور پھر غیر ذمہ دارانہ بیانات دیتے ہیں۔”

کریملن کے ترجمان نے اس پس منظر میں استونیا کی فضائی حدود کی مبینہ خلاف ورزی کے الزامات کو بھی بے بنیاد قرار دیا۔ ان کے مطابق، “ایسے غیر ذمے دارانہ بیانات اور من گھڑت الزامات ہماری سرحدوں کے قریب تناؤ کو مزید بڑھا رہے ہیں، جو ایک سنگین خطرہ ہے۔”

Advertisement

پیسکوف نے زور دیا کہ روس ان بیانات کو محض سفارتی سطح کی چپقلش نہیں سمجھتا بلکہ انہیں خطے میں امن اور سلامتی کے لیے ایک بڑی رکاوٹ قرار دیتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مغربی رہنماؤں کی یہ طرزِ عمل روس اور یورپ کے درمیان تعلقات میں مزید بگاڑ پیدا کر سکتا ہے۔