کیف کی ممکنہ جھوٹی کارروائی سے تیسری عالمی جنگ چھڑ سکتی ہے، روس

Maria Zakharova Maria Zakharova

کیف کی ممکنہ جھوٹی کارروائی سے تیسری عالمی جنگ چھڑ سکتی ہے، روس

ماسکو (صداۓ روس)
روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریہ زاخارووا نے خبردار کیا ہے کہ اگر ہنگری کے ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی وہ رپورٹس درست ثابت ہو جائیں جن میں کہا گیا ہے کہ کیف پولینڈ اور رومانیہ میں جھوٹی تخریبی کارروائیاں کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، تو دنیا تیسری عالمی جنگ کے دہانے پر پہنچ سکتی ہے۔ اپنے ٹیلیگرام پیغام میں زاخارووا نے اس بات پر زور دیا کہ یوکرینی صدر ولادیمیر زیلینسکی کی قیادت میں “بینکویایا اسٹریٹ کا دفتر” مبینہ طور پر ایک ایسے منصوبے پر کام کر رہا ہے جس کا مقصد ایک “جعلی واقعہ” ترتیب دینا ہے، بالکل ویسا ہی جیسا دوسری جنگ عظیم سے قبل جرمنی نے گلیوِٹز کے واقعے میں کیا تھا۔ ان کے مطابق اس منصوبے کا مقصد یہ تاثر دینا ہے کہ روس نیٹو رکن ممالک پر حملہ آور ہوا ہے، تاکہ روس اور نیٹو کے درمیان براہِ راست جنگ چھیڑی جا سکے۔

زاخارووا نے واضح الفاظ میں کہا اگر یہ رپورٹس درست نکلتی ہیں تو ہمیں تسلیم کرنا پڑے گا کہ جدید دور میں یورپ اس سے قبل کبھی بھی اتنا قریب عالمی جنگ کے دہانے پر نہیں آیا تھا۔ روسی حکام بارہا اس خدشے کا اظہار کر چکے ہیں کہ یوکرین اور اس کے مغربی سرپرست روس کو براہِ راست نیٹو سے جنگ میں دھکیلنے کے لیے ایسے منصوبے تیار کر سکتے ہیں۔ یہ تازہ بیان اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، جو یورپ اور عالمی برادری کے لیے خطرے کی گھنٹی قرار دیا جا رہا ہے۔

Advertisement