صدر پوتن ٹرمپ سے ماسکو میں ملاقات کے لیے تیار، دعوت بدستور برقرار ، کریملن
ماسکو (صداۓ روس)
کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے کہا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوتن کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ماسکو میں ملاقات کی دعوت بدستور برقرار ہے اور یہ فیصلہ اب امریکی قیادت کو کرنا ہے۔ پیسکوف نے واضح کیا کہ یہ دعوت “الماری میں نہیں رکھی گئی بلکہ فعال ہے۔” ان کے مطابق صدر پوتن ملاقات کے لیے تیار ہیں اور امریکی صدر سے مل کر خوشی محسوس کریں گے، تاہم اگلا قدم صدر ٹرمپ کی مرضی اور فیصلے پر منحصر ہے۔ یاد رہے کہ اگست میں الاسکا کے شہر اینکوریج میں دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے بعد صدر پوتن نے ماسکو میں اگلا اجلاس منعقد کرنے کی تجویز دی تھی۔ اس موقع پر صدر ٹرمپ نے اسے ممکن قرار دیا تھا، لیکن ساتھ ہی یہ بھی تسلیم کیا تھا کہ انہیں اس حوالے سے تنقید کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب روس اور امریکہ کے تعلقات کئی حساس مسائل پر دباؤ کا شکار ہیں، تاہم دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست مذاکرات کی کسی بھی تجویز کو عالمی سطح پر اہم قرار دیا جا رہا ہے۔