صومالیہ میں دہشت گردوں نے اقوام متحدہ کا ہیلی کاپٹر قبضے میں لے لیا

UN helicopter UN helicopter

صومالیہ میں دہشت گردوں نے اقوام متحدہ کا ہیلی کاپٹر قبضے میں لے لیا

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
صومالیہ میں دہشت گرد تنظیم الشباب کے جنگجوؤں نے اقوام متحدہ کے زیرِ استعمال ایک ہیلی کاپٹر کو قبضے میں لے لیا ہے۔ مقامی میڈیا ’’صومالی گارڈین‘‘ نے ریڈیو کلمیے کے حوالے سے بتایا کہ ہیلی کاپٹر ہنگامی لینڈنگ کے بعد دہشت گردوں کے ہاتھ لگا۔ رپورٹ کے مطابق ہیلی کاپٹر نے وسطی علاقے گالگادود کے قصبے ہندھیرے میں فنی خرابی کے باعث ہنگامی لینڈنگ کی، جو اس وقت الشباب کے زیرِ قبضہ ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق مسلح افراد نے ہیلی کاپٹر کے عملے اور سامان کو اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔ تاہم عملے کے ارکان کی تعداد، طیارے کا رجسٹریشن نمبر اور سامان کی نوعیت کے بارے میں تاحال کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔ ابتدائی رپورٹس سے یہ بھی پتا چلتا ہے کہ ہیلی کاپٹر ہیران ریجن کے شہر بلدوین سے مدگ ریجن کے قصبے وسل کی طرف روانہ تھا۔ اس واقعے کی سرکاری سطح پر تاحال تصدیق نہیں کی گئی۔

قابلِ ذکر ہے کہ جنوری 2024 میں بھی اقوام متحدہ کا ایک ہوائی جہاز اسی علاقے میں ہنگامی طور پر اترا تھا، جس کے بعد اس کا عملہ لاپتا ہوگیا تھا اور آج تک اس کے بارے میں کوئی معلومات دستیاب نہیں ہوسکیں۔

Advertisement