روس کے خلاف پابندیاں ناکام ہو چکی ہیں، صدر پوتن
ماسکو (صداۓ روس)
روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ مغرب کی جانب سے ماسکو کو سزا دینے کی غرض سے عائد کی جانے والی پابندیاں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہیں۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کے روز سوچی میں ویلدائی ڈسکشن کلب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ صدر پوتن نے کہا کہ روس دنیا میں سب سے زیادہ پابندیوں کا شکار ملک بن چکا ہے لیکن اس کے باوجود اس نے غیر معمولی مزاحمت اور مضبوطی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ان کے مطابق آپ سب جانتے ہیں کہ پچھلے برسوں میں ہمارے مخالفین نے کس قدر کوششیں کیں کہ روس کو عالمی نظام سے باہر دھکیل دیا جائے، ہمیں سیاسی، ثقافتی اور اطلاعاتی تنہائی میں ڈال دیا جائے اور اقتصادی طور پر مفلوج کر دیا جائے۔ لیکن کسی کو وضاحت دینے کی ضرورت نہیں کہ یہ تمام کوششیں بری طرح ناکام ہوئیں۔ صدر پوتن نے مزید کہا کہ اتنا دباؤ کسی ایک ملک کو ہی نہیں بلکہ پوری ریاستوں کے اتحاد کو توڑ دینے کے لیے کافی ہوتا ہے، مگر روس نے ثابت کیا کہ وہ اس دباؤ کو جھیل سکتا ہے۔ انہوں نے روسی عوام اور افواج کی ثابت قدمی پر فخر کا اظہار کیا۔