غزہ عالمی ضمیر کا بھی قبرستان بن چکا ہے،نائب وزیراعظم اسحاق ڈار
اسلام آباد (صداۓ روس)
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ غزہ صرف فلسطینیوں کا نہیں، عالمی ضمیر کا بھی قبرستان بن چکا ہے۔ اقوام متحدہ، یورپی یونین اور عرب لیگ فلسطین میں قتل و غارت روکنے میں ناکام ہو چکے ہیں۔ قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پاکستان سمیت 8 مسلم ممالک نے غزہ بحران کے حل کے لیے 20 نکاتی ڈرافٹ پیش کیا، جسے جزوی طور پر امریکہ کی حمایت بھی حاصل ہے۔ ڈرافٹ میں مکمل جنگ بندی، غزہ کی تعمیر نو اور مغربی کنارے کو غزہ کا حصہ قرار دینے پر زور دیا گیا۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اسرائیل سے متعلق پاکستان کا مؤقف آج بھی قائداعظم کے نظریے کے مطابق ہے۔ انہوں نے صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے گرفتار افراد، جن میں سابق سینیٹر مشتاق احمد بھی شامل ہیں، کی رہائی کی کوششوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حرمین شریفین کے خادمین میں شامل ہونا پاکستان کی خوش نصیبی ہے اور کئی ممالک نے پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔