ماسکو ایئرپورٹ پر اعضاء کی غیر قانونی تجارت کا ملزم گرفتار
ماسکو(صداۓ روس)
روسی وزارتِ داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ بین الاقوامی سطح پر مطلوب اعضاء کی اسمگلنگ کے نیٹ ورک کے مبینہ سرغنے کو ماسکو کے ونوکووو ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ یہ کارروائی انٹرپول اور ترک حکام کے تعاون سے اُس وقت عمل میں آئی جب ملزم کو ترکی سے روس بدر کیا گیا۔ وزارتِ داخلہ کے مطابق 2006 سے 2008 کے درمیان بورس وولفمین نامی شخص کوسوو میں ایک ایسے گروہ کا حصہ تھا جو روسی شہریوں کو گردے نکالنے کے لیے لالچ دے کر وہاں لے جاتا تھا۔ گروہ مبینہ طور پر متاثرہ افراد کو مالی فوائد کے جھانسے میں رکھتا، ان کے سفر اور آپریشن کا بندوبست کرتا اور بعد میں انہیں شدید جسمانی نقصان کے ساتھ چھوڑ دیتا تھا۔ ترجمان ایرینا وولک کے مطابق ملزم پر انسانی اعضاء کی اسمگلنگ اور منظم جرائم میں شمولیت کے الزامات ہیں۔ روسی تحقیقاتی کمیٹی نے اس کے خلاف دانستہ جسمانی نقصان اور انسانی اعضاء کی غیر قانونی تجارت کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
یہ کیس کوسوو کے دارالحکومت پرسٹینا کی نجی “میڈیکس” کلینک سے منسلک ہے، جہاں مبینہ طور پر عطیہ دہندگان کو گردے کے بدلے ادائیگی کا وعدہ کیا جاتا تھا مگر انہیں رقم ادا نہیں کی جاتی تھی۔ تحقیقات کے مطابق وولفمین اور اس کے ساتھیوں نے روس، یوکرین، اسرائیل اور ترکی کے شہریوں کو €15,000 سے €17,000 کے بدلے گردے عطیہ کرنے پر آمادہ کیا، لیکن بعد ازاں وعدے پورے نہیں کیے گئے۔ ملزم کے وکیل نے روسی اخبار کومرسانت سے گفتگو میں تمام الزامات کی تردید کی ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ اس کا مؤکل صرف میڈیکس اور دیگر کلینکس کے مریضوں کے لیے انشورنس دستاویزات تیار کرتا تھا۔ ان کے مطابق گردے اسرائیلی اور جرمن شہریوں کو لگائے گئے جو انشورنس کمپنیوں سے اپنی رقم واپس لے چکے ہیں۔ بورس وولفمین کے پاس اسرائیلی اور یوکرینی شہریت ہے اور وہ روس، کوسوو، اسرائیل اور یوکرین سمیت کئی ممالک میں مطلوب تھا۔ یورپی یونین کے رول آف لا مشن کی ایک رپورٹ میں اسے ایک ایسے بین الاقوامی نیٹ ورک کا سرغنہ قرار دیا گیا ہے جو کوسوو سمیت متعدد ممالک، بشمول کوسٹا ریکا، میں سرگرم تھا۔ مغربی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس گروہ کے ہاتھوں درجنوں شامی پناہ گزین بھی متاثر ہوئے۔
روس میں وولفمین کو اگر الزامات میں قصوروار پایا گیا تو اسے 15 سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔