ملائیشیا میں وزیراعظم پاکستان کو اعزازی پی ایچ ڈی ڈگری دی گئی
اسلام آباد (صداۓ روس)
ملائیشیا کی انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کی جانب سے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کو ان کی خدمات اور قیادت کے اعتراف میں پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز انہیں ریاستِ پہانگ کی ملکہ اور یونیورسٹی کی آئینی سربراہ تنکو عزیزہ آمینہ میمونہ اسکندریہ نے ایک پروقار تقریب کے دوران پیش کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ملائیشیا علم و دانش کا ایک معتبر مرکز ہے جو مسلم دنیا میں تعلیمی ترقی کا روشن نمونہ پیش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تعلقات دوستی، بھائی چارے اور باہمی احترام پر مبنی ہیں، اور دونوں ممالک نوجوان آبادی کے لحاظ سے بے پناہ وسائل رکھتے ہیں۔
وزیراعظم نے اس موقع پر زور دیا کہ نوجوان نسل کو جدید تعلیم اور عملی مواقع فراہم کرنا دونوں ممالک کی مشترکہ ذمہ داری ہے تاکہ وہ انسانیت کی خدمت میں مؤثر کردار ادا کرسکیں۔ شہباز شریف نے خواہش ظاہر کی کہ پاکستان اور انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی ملائیشیا کے درمیان علمی و تحقیقی تعاون مزید مضبوط ہو اور دونوں ملک تعلیم کے شعبے میں ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہوں۔