کومسومولسک-نا-آمور (صدائے روس) —
روس کے مشرقِ بعید کے صنعتی و تعلیمی شہر کومسومولسک-نا-آمور میں سوویت یونین کے ہیرو یوگینی دیکوپولتسیف کے نام سے ایک نیا فوجی و حب الوطنی مرکز قائم کیا گیا ہے۔ یہ مرکز نوجوان نسل میں حب الوطنی کے فروغ، تاریخی شعور کی بیداری اور فاشزم کے خلاف سوویت عوام کی قربانیوں کو یاد رکھنے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر سامنے آیا ہے۔
مرکز کا باقاعدہ افتتاح آمور اسٹیٹ ہیومینٹیرین اینڈ پیڈاگوجیکل یونیورسٹی میں منعقد ہونے والی ایک بین الاقوامی کانگریس کے دوران کیا گیا، جس میں پانچ مختلف ممالک کے ممتاز مورخین، محققین، سماجی شخصیات اور ماہرینِ تعلیم نے شرکت کی۔ یہ تقریب عظیم محب وطن جنگ (دوسری عالمی جنگ) میں سوویت فتح کی 80ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد کی گئی۔
تقریب کے دوران روسی ماہرِ تعلیم اور مصنف پروفیسر گادجی علیموسایف نے مرکز کو ایک تاریخی تحفہ پیش کیا — چار کتب پر مشتمل ایک علمی مجموعہ، جسے انہوں نے “حب الوطنی کا سنہری دانہ” قرار دیا۔ ان کتب کے عنوانات درج ذیل ہیں: سوویت یونین کی اقوام کا جنگِ عظیم میں کردار، حب الوطنی اور جرات کے 45 اسباق، جاننا اور نہ بھولنا: جرات و بہادری کے سنہری صفحات، سیاہ کتاب: فاشزم کے جرائم شامل ہیں.
اپنے خطاب میں پروفیسر علیموسایف نے کہا کہ “ایسے مراکز کو نوجوان نسل کے لیے محبتِ وطن کا محور بننا چاہیے۔ ان کی اصل ذمہ داری یہ ہے کہ وہ تاریخ کے حقیقی حقائق کو محفوظ رکھیں اور فاشزم کے خلاف سوویت عوام کی بہادری کو نئی نسل تک منتقل کریں۔”
کانگریس کے شرکاء نے اپنی تقاریر میں اس بات پر زور دیا کہ دوسری عالمی جنگ سے متعلق تاریخی حقائق کے تحفظ اور بین الاقوامی علمی تعاون کو فروغ دینا آج کے وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اجلاس میں یہ بھی اعلان کیا گیا کہ بین الریاستی یونین آف ہیرو سٹیز کی جانب سے ایک نئی تاریخی کتابی سیریز تیار کی جا رہی ہے، جسے روس بھر کے حب الوطنی مراکز، اسکولوں اور یونیورسٹیوں میں تقسیم کیا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو اپنی تاریخ، قربانیوں اور قومی فخر سے روشناس کرایا جا سکے۔
یہ اقدام نہ صرف روس بلکہ دنیا بھر میں تاریخ کے درست ورژن کے فروغ کے لیے ایک مضبوط پیغام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔