غزہ میں جنگ بندی معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہیں،وزیراعظم شہباز شریف
اسلام آباد (صداۓ روس)
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے غزہ میں جنگ بندی معاہدے کا خیر مقدم کیاہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہاکہ غزہ میں نسل کشی کے خاتمے کے لئے ہونے والے معاہدے سے مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کے قیام کا تاریخی موقع میسر آیا ہے۔ انہوں نےکہاکہ مذاکراتی عمل میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا قائدانہ کردار عالمی امن کے لیے ان کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتا ہے۔معاہدے تک پہنچنے کے لئے قطر، مصر اور ترکیہ کی ثابت قدمی ، دانشمندانہ قیادت اور انتھک کوششیں بھی لائق تحسین ہیں۔وزیراعظم نےکہاکہ ہمیں فلسطینی عوام کوخراجِ تحسین پیش کرنا چاہیے،جنہوں نے ناقابلِ بیان مصائب برداشت کئے۔ ایسے مصائب جو کبھی بھی دہرائے نہیں جانے چاہیئں۔ وزیراعظم نے مسجد اقصیٰ میں حالیہ اشتعال انگیزی کی شدید مذمت کی اور کہاکہ دنیا کو قابض قوتوں اور غیر قانونی آبادکاروں کو جواب دہ ٹھہرانا چاہیے اور ایسے تمام اقدامات سے باز رکھنا چاہیے جو پائیدار امن کی راہ ہموار کرنے کی بڑی کاوشوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ انہوں نےکہاکہ ہم اپنے شراکت داروں، دوستوں اور برادر ممالک کی قیادت کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے تاکہ فلسطینی عوام کےلئے امن، سلامتی اور وقار کو ان کی خواہشات اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق یقینی بنایا جا سکے۔