پاک افغان جھڑپوں پر ایران کی ثالثی کی پیشکش
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
ایران نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ سرحدی جھڑپوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان ثالثی کی پیشکش کر دی ہے۔ ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان اور افغانستان کو فوری طور پر مذاکرات کے ذریعے تنازع کے حل کی راہ اختیار کرنی چاہیے، اور ایران اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔ ایرانی ترجمان نے زور دیا کہ خطے میں امن و استحکام تمام ہمسایہ ممالک کے مفاد میں ہے، اس لیے اختلافات کو گفت و شنید کے ذریعے ختم کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تہران صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکنے کے لیے سفارتی رابطے بڑھا رہا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل سعودی عرب اور قطر نے بھی پاکستان اور افغانستان دونوں سے تحمل اور بات چیت کی اپیل کی تھی، تاکہ کسی بڑے تصادم سے بچا جا سکے۔
گزشتہ رات افغان فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کے جواب میں پاک فوج نے بھرپور اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے متعدد افغان اہلکاروں کو ہلاک کیا اور کئی چیک پوسٹوں کو تباہ کر دیا تھا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، پاک فوج کی کارروائی کے بعد افغان فورسز کو پسپائی اختیار کرنا پڑی۔