پاک فوج کے مؤثر جواب کے بعد پاک افغان جھڑپیں تھم گئیں، طالبان اہلکار پسپا

Pakistan Army Pakistan Army

پاک فوج کے مؤثر جواب کے بعد پاک افغان جھڑپیں تھم گئیں، طالبان اہلکار پسپا

اسلام آباد(صداۓ روس)
پاکستان کے وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاک فوج کے بھرپور اور مؤثر جواب کے بعد سرحدی علاقے میں جھڑپوں کا سلسلہ رک گیا ہے جبکہ افغان طالبان اپنی چوکیوں کو چھوڑ کر پسپا ہو گئے ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عطاء تارڑ نے بتایا کہ پاک فوج نے افغان جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جس کے نتیجے میں 200 سے زائد افغان طالبان ہلاک ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ طالبان کے وزیرِ خارجہ بھارت میں بیٹھ کر پاکستان مخالف بیانات دیتے ہیں، اور اسی رات افغانستان کی سرزمین سے پاکستان پر دہشت گردوں کے ساتھ مل کر حملہ کیا جاتا ہے۔ وفاقی وزیر کے مطابق، اسلام آباد نے متعدد بار کابل حکومت کو آگاہ کیا ہے کہ دہشت گردی کے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں، اور اس حوالے سے پاکستان کے پاس ٹھوس شواہد موجود ہیں۔

عطاء اللّٰہ تارڑ نے مزید کہا کہ افغانستان کے عوام اب طالبان حکومت کے پیچھے نہیں کھڑے، اور اگر مستقبل میں ایسی کسی جارحیت کی کوشش کی گئی تو پاکستان بھرپور جواب دے گا۔ ان کے بقول، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے لیے ملک میں کوئی گنجائش باقی نہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 2014ء میں آپریشن کے ذریعے دہشت گردوں کا خاتمہ کیا گیا تھا، لیکن بعد میں بانیِ پی ٹی آئی نے ان دہشت گردوں کو واپس لا کر بسایا۔ وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ پاکستان کے امن اور سلامتی کے خلاف سرگرم عناصر کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

Advertisement