میں شائد جنت میں نہیں جاؤں گا، امریکی صدر ٹرمپ

Trump Trump

میں شائد جنت میں نہیں جاؤں گا، امریکی صدر ٹرمپ

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ممکنہ طور پر وہ جنت میں نہیں جائیں گے، اگرچہ انہوں نے اسرائیل اور حماس کے درمیان امن قائم کرنے کی کوشش کی ہے۔ اتوار کو اسرائیل جاتے ہوئے ایئر فورس ون پر دورانِ پرواز فوکس نیوز کے رپورٹر پیٹر ڈوسی نے ٹرمپ سے سوال کیا کہ اگر وہ غزہ کی جنگ ختم کر دیتے ہیں تو کیا اس سے ان کے جنت میں جانے کے امکانات بڑھ جائیں گے؟ ٹرمپ نے مسکراتے ہوئے جواب دیا میں تھوڑا مذاق کر رہا ہوں، لیکن سچ کہوں تو میرا نہیں خیال کہ میں جنت جا سکوں گا۔ شاید ہم ابھی ایئر فورس ون میں ہی جنت میں ہیں۔ مجھے یقین نہیں کہ میں جنت جا پاؤں گا، لیکن میں نے بہت سے لوگوں کی زندگی بہتر بنائی ہے. ٹرمپ نے اپنی گفت و شنید کی مہارت پر فخر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان تنازع اُن آٹھویں جنگوں میں سے ایک ہے جسے انہوں نے حل کیا۔

پیر کے روز حماس نے تقریباً 2,000 فلسطینی قیدیوں کے بدلے 20 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کر دیا، جس کے بعد اسرائیلی فوج نے غزہ کے کچھ حصوں سے انخلا کر لیا اور حملے روک دیے۔ اسی روز ٹرمپ نے مصر، قطر اور ترکیہ کے رہنماؤں کے ساتھ شرم الشیخ میں ایک اعلامیہ پر دستخط کیے، جس میں جنگ بندی اور “پائیدار امن معاہدے” کے راستے کی توثیق کی گئی۔ ٹرمپ کے 20 نکاتی امن منصوبے کے مطابق غزہ کو “دہشت گردی سے پاک اور غیر عسکری علاقہ” بنایا جائے گا۔ اگرچہ حماس نے قیدیوں کے تبادلے پر اتفاق کیا، لیکن وہ غیر مسلح ہونے یا غزہ کی حکمرانی چھوڑنے پر راضی نہیں ہوئی۔ دوسری جانب اسرائیل نے ابھی تک مکمل انخلا کا وعدہ نہیں کیا۔ خیال رہے کہ جولائی 2024 میں ٹرمپ ایک انتخابی جلسے کے دوران قاتلانہ حملے میں بال بال بچے تھے، جب ایک نشانہ باز نے ان پر فائرنگ کی تھی۔

Advertisement