پاک۔افغان سرحد پر دوبارہ شدید جھڑپیں، طالبان کے متعدد ٹھکانے تباہ

Pakistan and Afghanistan war Pakistan and Afghanistan war

پاک۔افغان سرحد پر دوبارہ شدید جھڑپیں، طالبان کے متعدد ٹھکانے تباہ

پاراچنار(صداۓ روس)
پاک۔افغان سرحد پر ایک بار پھر جنگ کے شعلے بھڑک اٹھے جب افغان طالبان کی جانب سے کرم ضلع کے علاقے شورکو کے قریب پاکستانی سرحدی چوکیوں پر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، پاکستانی افواج نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا۔ تازہ جھڑپوں کے دوران فتنہ الخوارج اور طالبان عناصر نے مل کر پاکستانی چوکیوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں تقریباً دو گھنٹے طویل فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں طالبان کے متعدد ٹھکانے تباہ ہو گئے جبکہ ایک ٹینک کو بھی نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق، شورکو سیکٹر میں پاک۔افغان محاذ پر عارضی طور پر جنگ کی صورت حال پیدا ہوئی، تاہم پاک فوج کی کارروائی کے بعد صورتحال قابو میں آ گئی۔ علاقے کے سرحدی دیہاتوں کو شہریوں کی حفاظت کے لیے خالی کرا لیا گیا۔

بعد ازاں پاک فوج نے ایک درست اور مؤثر آپریشن کے دوران افغان سرحد کے قریب طالبان کا ایک اور متحرک ٹینک تباہ کر دیا۔ فوجی ذرائع کے مطابق، پاک فوج نے صرف ایک گھنٹے کے اندر دشمن کے چار ٹھکانے تباہ کر دیے، جن میں ایک اہم پوسٹ “شمشاد پوسٹ” بھی شامل تھی۔ رپورٹس کے مطابق، افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے جنگجو پاک فوج کی درست نشانہ بازی کے بعد اپنی پوزیشنیں چھوڑ کر بھاگ گئے۔ اطلاعات ہیں کہ کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کا ایک اہم کمانڈر ہلاک ہوا، جو پاک فوج کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔ فوجی حکام کا کہنا ہے کہ اگرچہ صورتحال اس وقت قابو میں ہے، مگر پاکستان کی سرحدی افواج ہائی الرٹ پر ہیں کیونکہ دوبارہ جارحیت کے خدشات موجود ہیں۔ پاک فوج کا کہنا ہے کہ وہ ملک کی خودمختاری اور سرحدی سلامتی کے دفاع کے لیے ہر لمحہ تیار ہے۔

Advertisement

آئی ایس پی آر کے مطابق، افغان طالبان اور بھارت نواز دہشت گرد گروہ فتنہ الخوارج نے پاک۔افغان سرحد پر بلا اشتعال حملہ کیا۔ دشمن کی یہ بزدلانہ کارروائی سرحدی علاقوں میں عدم استحکام اور دہشت گردی کو فروغ دینے کی کوشش تھی۔ ترجمان کے مطابق، پاکستانی افواج نے اپنے دفاع کا حق استعمال کرتے ہوئے فیصلہ کن جوابی کارروائی کی، جس میں طالبان اور ان کے خوارجی اتحادیوں کو بھاری جانی نقصان پہنچایا گیا۔ پاک فوج نے درست نشانے بازیاں، فضائی حملے اور محدود زمینی کارروائیاں انجام دیں، جن میں دہشت گردوں کے تربیتی مراکز اور سپورٹ نیٹ ورکس کو نشانہ بنایا گیا۔ ترجمان نے واضح کیا کہ تمام کارروائیوں کے دوران شہری آبادی کے تحفظ اور ضمنی نقصان سے بچاؤ کے لیے ہر ممکن احتیاط برتی گئی۔