لاہور ٹیسٹ میں پاکستان کی تاریخی فتح — جنوبی افریقہ 93 رنز سے زیر

Pak Cricket Pak Cricket

لاہور ٹیسٹ میں پاکستان کی تاریخی فتح — جنوبی افریقہ 93 رنز سے زیر

اسلام آباد (صداۓ روس)
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے دفاعی چیمپئن جنوبی افریقہ کو 93 رنز سے شکست دے کر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کا فاتحانہ آغاز کر لیا۔
277 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 183 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ مہمان ٹیم کی جانب سے ڈیولڈ بریسوس 54 اور ریان رکلٹن 45 رنز بنا کر نمایاں رہے۔پاکستان کے اسپنرز نے شاندار کارکردگی دکھائی — نعمان علی اور شاہین شاہ آفریدی نے 4، 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ساجد خان کے حصے میں دو شکار آئے۔ نعمان علی نے میچ میں مجموعی طور پر 10 وکٹیں حاصل کر کے اپنی ٹیسٹ کیریئر میں تیسری بار یہ کارنامہ انجام دیا۔ تیسرے دن پاکستان نے دوسری اننگز میں 109 رنز کی برتری کے باوجود 167 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ بابر اعظم 42، عبداللّٰہ شفیق 41 اور سعود شکیل 38 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ جنوبی افریقہ کے سینورن متھو سوامی نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل مہمان ٹیم پہلی اننگز میں 269 رنز پر آؤٹ ہوئی تھی۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ٹونی ڈی زورزی 104 اور ریان رکلٹن 71 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ پاکستان کے لیے نعمان علی نے 6 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کی پہلی اننگز 378 رنز پر مکمل ہوئی تھی، جس میں امام الحق اور سلمان علی آغا نے شاندار 93، 93 رنز بنائے۔ میچ کے اختتام پر نعمان علی کو ان کی شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ کپتان شان مسعود نے فتح پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہم نے ورلڈ چیمپئن کو شکست دی ہے، ٹیم نے بہترین کارکردگی دکھائی۔ انہی وکٹوں نے ہمیں عظیم بولرز دیے ہیں، شاہین نے بھی شاندار بولنگ کی۔ جنوبی افریقہ کے کپتان ایڈن مارکرم نے کہا اس میچ سے ہم نے بہت کچھ سیکھا ہے، اگلے میچ میں مضبوط واپسی کریں گے۔

Advertisement