یوکرینی ڈرون حملے میں روسی صحافی ہلاک

Ivan Zuyev Ivan Zuyev

یوکرینی ڈرون حملے میں روسی صحافی ہلاک

ماسکو (صداۓ روس)
روسی خبر رساں ادارے ریا نووستی کے مطابق ان کے جنگی نمائندے ایوان زویف یوکرین کے ڈرون حملے میں ہلاک ہو گئے ہیں، جبکہ ایک اور صحافی یوری وویٹکیوِچ زخمی ہوئے ہیں جن کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔ یہ واقعہ روس کے زیرِ انتظام زاپوروژئے کے اُس علاقے میں پیش آیا جو شمالی کریمیا کے قریب واقع ہے اور جہاں یوکرینی افواج جزوی طور پر موجود ہیں۔ ریا نووستی کے سربراہ دیمتری کیسلیوف نے زویف کو ’’بہادر صحافی‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ میدانِ جنگ سے سچ سامنے لانے کے مشن میں جان کی بازی ہار گئے۔ ان کے بقول، ’’زویف نے جنگی علاقے سے حقائق دنیا کے سامنے لانے کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں۔‘‘

روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’’کیف طویل عرصے سے صحافیوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنا رہا ہے۔‘‘ ایوان زویف اس جنگ کے دوران ہلاک ہونے والے ریا نووستی کے تیسرے صحافی ہیں۔ اس سے قبل جولائی 2023 میں یوکرینی میزائل حملے میں رپورٹر روستیسلاو زھوراولیو مارے گئے تھے، جبکہ اگست 2014 میں فوٹو جرنلسٹ اندرے سٹینن دونباس میں کوریج کے دوران یوکرینی افواج کے حملے میں ہلاک ہوئے تھے۔

Advertisement