صحافی کا سوال: ٹرمپ پوتن ملاقات کے مقام کا فیصلہ کس نے کیا؟ آپ کی ماں نے، وائٹ ہاؤس ترجمان کا بیہودہ جواب
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
ہنگری کے دارالحکومت بداپیسٹ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کے درمیان ممکنہ ملاقات کے حوالے سے ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا جب وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے صحافی کے سوال پر غیر متوقع جواب دے دیا۔ خبر رساں ادارے ہف پوسٹ کے نمائندے نے پریس بریفنگ کے دوران پوچھا کہ “ٹرمپ اور پوتن کے درمیان بداپیسٹ میں ملاقات کا فیصلہ کس نے کیا؟” — جس پر ترجمان نے طنزیہ انداز میں جواب دیا: “آپ کی ماں نے۔” صحافی نے وضاحت چاہی کہ “کیا آپ نے یہ بات مزاح کے طور پر کہی ہے؟” تو کیرولین لیویٹ نے مزید سخت لہجے میں کہا: “آپ بائیں بازو سے تعلق رکھنے والے ایک شخص ہیں جو خود کو صحافی کہتا ہے۔ میرے لیے یہ بات مزاحیہ ہے۔ کوئی آپ کو سنجیدگی سے نہیں لیتا، یہاں تک کہ آپ کے ساتھی بھی نہیں۔ مجھ سے جانبدارانہ اور فضول سوال کرنا بند کریں۔” یہ واقعہ سوشل میڈیا پر فوری طور پر موضوعِ بحث بن گیا، جہاں صارفین کی بڑی تعداد نے ترجمان کے رویے کو “غیر پیشہ ورانہ” قرار دیا، جبکہ کچھ نے اسے میڈیا کے جانبدار رویے کے خلاف ردعمل کے طور پر درست ٹھہرایا۔
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کے دور میں صحافیوں اور حکومتی نمائندوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ کوئی نیا واقعہ نہیں، تاہم اس نوعیت کی گفتگو وائٹ ہاؤس کی ساکھ کے لیے نقصان دہ ہو سکتی ہے، خاص طور پر اس وقت جب واشنگٹن اور ماسکو کے تعلقات نئے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں