سموگ نے لاہور کو گھیر لیا ، فضائی آلودگی میں دنیا بھر میں سب سے آگے

smog in Lahore smog in Lahore

سموگ نے لاہور کو گھیر لیا ، فضائی آلودگی میں دنیا بھر میں سب سے آگے

لاہور(صداۓ روس)
فضائی آلودگی کے باعث لاہور ایک بار پھر دنیا کا سب سے آلودہ شہر بن گیا ہے، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 274 ریکارڈ کیا گیا۔ عالمی فضائی معیار مانیٹرنگ کے اعدادوشمار کے مطابق لاہور کی فضا میں آلودگی خطرناک حدوں کو چھو رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق علامہ اقبال ٹاؤن میں اے کیو آئی 459، گلبرگ میں 396، اور ماڈل ٹاؤن میں 362 تک پہنچ گیا، جب کہ شہر کا اوسطاً اے کیو آئی 183 رہا، جو “غیر صحت بخش” زمرے میں آتا ہے۔ ماہرین نے شہریوں خصوصاً بچوں، بزرگوں اور سانس کے مریضوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔ شدید سموگ کے پیش نظر حکومتِ پنجاب نے لاہور کے علاقے کہنا میں پہلی بار اینٹی سموگ گن آپریشن شروع کیا، جس کے نتیجے میں فضائی آلودگی میں 70 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی۔ سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر کیے گئے اس اقدام کے بعد آلودگی کی سطح 666 سے کم ہو کر 170 تک آگئی۔ ان کے مطابق یہ مہم دیگر متاثرہ علاقوں تک بھی توسیع دی جائے گی تاکہ شہریوں کو سموگ سے نجات دلائی جا سکے۔

ماہرین کے مطابق سموگ میں اضافہ صنعتی اخراج، گاڑیوں کے دھوئیں، فصلوں کی باقیات جلانے اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کا نتیجہ ہے۔ شہریوں کو تجویز دی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ماسک کے استعمال کو لازمی بنائیں۔

Advertisement