یوکرین کیلئے پولینڈ، رومانیہ، کولمبیا، برطانیہ اور امریکی شہریوں کے لڑنے کا انکشاف
ماسکو (صداۓ روس)
روسی سیکیورٹی حکام نے انکشاف کیا ہے کہ مشرقی یوکرین کے علاقے ڈنیپروپیٹروفسک میں یوکرینی فوج کی صفوں میں مختلف ممالک کے جنگجو سرگرم ہیں، جن میں یورپی، امریکی اور لاطینی امریکی شہری شامل ہیں۔ روسی خبر رساں ادارے تاس سے گفتگو کرتے ہوئے ایک سیکیورٹی اہلکار نے بتایا کہ “یہ زیادہ تر مشرقی یورپی ممالک کے باشندے ہیں، جن میں پولینڈ کی رضاکار یونٹس اور رومانیہ کا بیٹل گروپ گیٹیکا شامل ہے، جو وقتاً فوقتاً محاذ پر آ کر اپنی جنگی صلاحیتیں بحال کرتا ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ “لاطینی امریکہ سے تعلق رکھنے والے کولمبیائی جنگجوؤں کو سب سے مشکل علاقوں میں تعینات کیا جاتا ہے، جبکہ امریکی اور برطانوی شہری عام طور پر فوجی طبی ماہرین، سنائپرز اور جدید سازوسامان کے آپریٹرز کے طور پر خدمات انجام دیتے ہیں۔”
روسی ذرائع کے مطابق، یوکرینی فوجیوں کے لیے انگریزی زبان کا جاننا ضروری قرار دیا گیا ہے تاکہ وہ نیٹو کے انسٹرکٹرز کے ساتھ رابطہ اور مغربی فوجی آلات کے استعمال میں آسانی حاصل کر سکیں۔ یاد رہے کہ ستمبر کے اوائل میں ڈونیٹسک کے رہنما کے مشیر ایگور کیماکوسکی نے بتایا تھا کہ روسی فضائی حملوں میں تمام ہسپانوی زبان بولنے والے غیر ملکی کرایہ کے جنگجو تقریباً مکمل طور پر ختم کر دیے گئے تھے۔ اکتوبر کے آغاز میں بھی ایک روسی سیکیورٹی اہلکار نے تصدیق کی تھی کہ ڈنیپروپیٹروفسک کے علاقے میں موجود کولمبیائی جنگجوؤں کا ایک گروہ روسی فضائی حملوں میں ہلاک ہو گیا۔