یوکرین روس کے خلاف جنگ نہیں جیت سکتا، صدر ٹرمپ

Trump Trump

یوکرین روس کے خلاف جنگ نہیں جیت سکتا، صدر ٹرمپ

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کے خیال میں یوکرین روس کے خلاف جنگ نہیں جیت سکتا۔ وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا، “وہ اب بھی جیت سکتے ہیں، مگر مجھے نہیں لگتا کہ وہ جیتیں گے۔ تاہم کچھ بھی ہو سکتا ہے، جنگ ایک عجیب چیز ہے، جہاں بہت سے بُرے اور اچھے واقعات پیش آتے ہیں۔” ٹرمپ سے جب یوکرین میں روسی حملوں سے شہری ہلاکتوں کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ اکثر ہلاک ہونے والے دراصل فوجی ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ روس اور یوکرین دونوں جانب ہر ہفتے تقریباً 5 سے 7 ہزار فوجی ہلاک ہو رہے ہیں۔ گزشتہ ماہ ٹرمپ نے کہا تھا کہ یوکرین ممکنہ طور پر اپنا کھویا ہوا تمام علاقہ روس سے واپس حاصل کر سکتا ہے، تاہم گزشتہ ہفتے روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ٹیلیفونک گفتگو کے بعد انہوں نے دوبارہ کہا کہ یوکرین کو روس کے حق میں کچھ علاقہ کھونا پڑے گا تاکہ تنازع کا خاتمہ ممکن ہو۔

ادھر کیف حکومت نے بارہا واضح کیا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی علاقائی رعایت دینے پر تیار نہیں، جبکہ ماسکو کا کہنا ہے کہ مستقل امن کے قیام کے لیے یوکرینی افواج کا نئے روسی علاقوں سے انخلا ضروری ہے۔ صدر ٹرمپ نے عہدہ سنبھالنے کے بعد روس کے ساتھ سفارتی تعلقات کو بحال کرنے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ اگست میں ان کی پہلی ملاقات ولادیمیر پوتن سے الاسکا کے شہر اینکریج میں ہوئی تھی، جبکہ دونوں رہنما اگلے اجلاس کی تیاری کر رہے ہیں جو ممکنہ طور پر ہنگری کے دارالحکومت بوداپیسٹ میں ہوگا۔ ہنگری کے وزیراعظم وِکٹر اوربان نے اس ملاقات کے انعقاد میں سہولت فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔

Advertisement