پوتن – ٹرمپ ملاقات سے متعلق مغربی میڈیا غلط خبریں پھیلارہا ہے، ماسکو
ماسکو (صداۓ روس)
روس نے مغربی ذرائع ابلاغ پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ روسی صدر ولادیمیر پوتن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان مجوزہ بوداپیسٹ سربراہی اجلاس کے بارے میں جھوٹی اور گمراہ کن خبریں پھیلا رہے ہیں۔ روس کے صدر کے خصوصی اقتصادی نمائندے کریل دمترییف نے ان خبروں کی تردید کی ہے جن میں کہا گیا تھا کہ پوتن اور ٹرمپ کی ملاقات کے منصوبے منسوخ کر دیے گئے ہیں۔ دمترییف نے یہ ردعمل اس وقت دیا جب متعدد امریکی میڈیا اداروں نے ایک نام ظاہر نہ کرنے والے وائٹ ہاؤس عہدیدار کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ “قریب المستقبل میں” پوتن اور ٹرمپ کی ملاقات کا کوئی منصوبہ موجود نہیں۔ بعض مغربی ذرائع نے اس بیان کو یہ معنی دے کر پیش کیا کہ اجلاس یا تو ملتوی کر دیا گیا ہے یا مکمل طور پر منسوخ ہو چکا ہے۔ دمترییف نے منگل کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری ایک بیان میں کہا میڈیا ‘قریب المستقبل’ والے جملے کو توڑ مروڑ کر پیش کر رہا ہے تاکہ آئندہ ہونے والے اجلاس کو سبوتاژ کیا جا سکے۔ درحقیقت، تیاریاں جاری ہیں۔