پاکستان کی بھارت سے ملنے والی فضائی حدود 28 اور 29 اکتوبر کو بند
اسلام آباد (صداۓ روس)
پاکستان نے بھارت سے ملنے والی اپنی فضائی حدود 28 اور 29 اکتوبر کو عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق فضائی حدود دونوں روز صبح 6 بجے سے 9 بجے تک بند رہے گی۔ لاہور اور کراچی فلائٹ انفارمیشن ریجنز (FIRs) کے بھارت سے ملنے والے مختلف فضائی روٹس کے درمیان تین گھنٹے کی یہ پابندی عائد کی گئی ہے۔ اس دوران تمام کمرشل پروازوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے تمام ملکی و غیر ملکی ایئرلائنز اور ایوی ایشن کمپنیوں کو نوٹم (NOTAM) جاری کر دیا ہے، جس میں فضائی حدود کی بندش کے اوقات اور متاثرہ راستوں کی تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق، یہ فیصلہ ممکنہ طور پر بھارت کی سرحد کے قریب جاری یا متوقع فوجی مشقوں کے پیش نظر احتیاطی اقدام کے طور پر کیا گیا ہے۔ سول ایوی ایشن حکام نے واضح کیا ہے کہ اس دوران پروازوں کی سیکیورٹی اور روٹس کی نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔