وزیراعظم شہباز شریف کی ریاض میں سعودی قیادت سے اہم ملاقات
اسلام آباد (صداۓ روس)
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات ریاض میں جاری ’’فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو‘‘ کے نویں ایڈیشن کے موقع پر 27 اکتوبر 2025 کو ہوئی۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری کے مواقع اور خطے میں استحکام سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی قیادت کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے عزم کو سراہا اور توانائی، انفراسٹرکچر اور صنعت کے شعبوں میں مزید شراکت داری کی خواہش ظاہر کی۔ دونوں رہنماؤں نے عالمی سطح پر بدلتی ہوئی اقتصادی صورتحال، مستقبل کی سرمایہ کاری کے امکانات اور نوجوانوں کے لیے تکنیکی ترقی کے مواقع پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان کے عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔