پاکستان نے بنگلادیش کوکراچی پورٹ کے استعمال کی پیشکش کردی

Karachi port Karachi port

پاکستان نے بنگلادیش کوکراچی پورٹ کے استعمال کی پیشکش کردی

اسلام آباد (صداۓ روس)
پاکستان اور بنگلادیش کے تعلقات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے اور دونوں ممالک میں دوطرفہ اقتصادی اور ترقیاتی تعاون مضبوط بنانے میں اہم سنگ میل طے ہوا ہے۔
اعلامیے کے مطابق ڈھاکا میں 20 سال بعد پاک بنگلا دیش نواں جوائنٹ اکنامک کمیشن کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کی صدارت وزیرپیٹرولیم علی پرویزملک اور بنگلادیش کے مشیرخزانہ نے کی۔ اعلامیے کے مطابق پاکستان نے بنگلادیش کو کراچی پورٹ کے استعمال کی پیشکش کی، کراچی پورٹ سے بنگلادیش چین اور وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ تجارت کرسکےگا۔
اعلامیےکے مطابق دونوں ممالک کی قومی شپنگ کارپوریشنز کے درمیان تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔ پاکستان اوربنگلادیش کے درمیان براہ راست پروازوں کے لیے کام تیزکرنے پر اتفاق ہوا۔ پاکستان حلال اتھارٹی اوربنگلادیش اسٹینڈرڈز اینڈ ٹیسٹنگ انسٹیٹیوٹ کے ایم او یو پر دستخط ہوئے، ایم او یو سے معیار اور سرٹیفکیشن میں تعاون بڑھانےکا راستہ ہموار ہوگا۔
اعلامیےکے مطابق اجلاس میں پاکستان بنگلادیش نالج کوریڈور کے قیام پر زور دیا گیا۔ بنگلادیشی طلبا کے لیے پاکستان میں500 نئی اور مکمل فنڈڈ اسکالرشپس کی تجویز دی گئی۔ پاکستان ٹیکنیکل اسسٹنس پروگرام کے تحت تربیتی سیٹیں 5 سے بڑھا کر25 کردیں گئیں۔
اجلاس میں تجارت، سرمایہ کاری اور صنعت، توانائی، موسمیاتی تبدیلی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں تعاون پر اتفاق ہوا۔ زراعت، مواصلات، تعلیم، بینکنگ، صحت، سیاحت، اطلاعات ونشریات اور ٹیکسٹائل سیکٹر میں بھی تعاون پر اتفاق ہوا۔ دونوں ممالک کے درمیان طبی اور مذہبی سیاحت کے شعبوں میں تعاون پر اتفاق ہوا۔
اجلاس کے اختتام پر دونوں ممالک نے مشترکہ اقتصادی کمیشن کے نویں اجلاس کے متفقہ منٹس پر دستخط کیے۔