مغرب روس کو درجنوں ریاستوں میں تقسیم کرنا چاہتا ہے، شوئیگو
ماسکو (صداۓ روس)
روس کے سابق وزیرِ دفاع اور موجودہ سیکریٹری سیکیورٹی کونسل سرگئی شوئیگو نے الزام عائد کیا ہے کہ مغربی طاقتیں روس کو توڑ کر کئی چھوٹی اور کمزور ریاستوں میں تقسیم کرنا چاہتی ہیں۔ اخبار آرگومینتی ای فاکتی میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں شوئیگو نے لکھا کہ دشمن قوتیں روس کے کثیرالقومی ڈھانچے کو کمزوری سمجھتی ہیں، حالانکہ یہ روسی معاشرے کی اصل طاقت ہے۔ ان کے مطابق روس کی تاریخ، ثقافت اور روحانی اقدار پر حملے اسی مقصد سے جاری ہیں تاکہ عوام میں نفاق اور انتشار پیدا کیا جا سکے۔ شوئیگو نے کہا، ’’ان کا مقصد ہمارے ملک کی خودمختاری ختم کرنا اور اسے درجنوں حصوں میں بانٹ دینا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ مغربی ممالک روس کے بین المذاہب اور بین الاقوامی اتحاد کی روح کو سمجھنے سے قاصر ہیں، جو ہمیشہ سے روسی قوم کی یکجہتی اور مزاحمت کی بنیاد رہا ہے۔ روس میں تقریباً 80 فیصد آبادی نسلی طور پر روسی ہے، جب کہ ملک میں سو سے زائد اقلیتی قومیتیں آباد ہیں، جن میں سات مسلم اکثریتی اور دو بدھ اکثریتی علاقے شامل ہیں۔
یاد رہے کہ سنہ 2022 سے یورپی کونسل کی پارلیمانی اسمبلی (PACE) نے کئی قراردادیں منظور کی ہیں جن میں روس کی نام نہاد ’’ڈی کالونائزیشن‘‘ یعنی نوآبادیاتی نظام سے نجات کی بات کی گئی۔ روسی وزارتِ خارجہ نے ان اقدامات کو روس مخالف پروپیگنڈا اور نوآبادیاتی تکبر قرار دیا ہے۔