روسی پارلیمنٹ نے سال بھر بھرتی کا قانون منظور کر لیا
ماسکو (صداۓ روس)
روس کی پارلیمنٹ کے ایوانِ زیریں اسٹیٹ ڈوما نے سال بھر فوجی بھرتی سے متعلق بل کی تیسری اور حتمی منظوری دے دی ہے۔ اس قانون کے تحت اب فوجی بھرتی سے متعلق کارروائی پورے کیلنڈر سال میں کی جا سکے گی۔ یہ مسودہ 22 جولائی کو ڈیفنس کمیٹی کے چیئرمین آندرے کارتاپولوف اور ان کے نائب آندرے کراسوف کی جانب سے پیش کیا گیا تھا، جسے 24 ستمبر کو پہلی اور 21 اکتوبر کو دوسری قرأت میں منظور کیا گیا۔ نئے قانون کے مطابق طبی معائنہ، نفسیاتی جانچ اور بھرتی کمیشنوں کے اجلاس سال بھر جاری رہیں گے۔ تاہم، بھرتی کے لیے فوجیوں کی عملی روانگی اب بھی دو مرحلوں میں ہو گی — پہلا مرحلہ یکم اپریل سے 15 جولائی تک اور دوسرا یکم اکتوبر سے 31 دسمبر تک۔ قانون میں کچھ مخصوص طبقوں کے لیے خصوصی اوقات بھی مقرر کیے گئے ہیں۔ دیہی علاقوں کے کسان جو کھیتوں میں مصروف ہوں گے، انہیں 15 اکتوبر سے 31 دسمبر کے دوران بلایا جائے گا، اساتذہ کو یکم مئی سے 15 جولائی کے درمیان، جب کہ شمالی علاقوں کے رہائشیوں کو یکم مئی سے 15 جولائی یا یکم نومبر سے 31 دسمبر کے دوران بھرتی کے لیے بھیجا جائے گا۔
ترمیمی شقوں کے تحت الیکٹرانک طلبی (Summons) کی وصولی کے بعد فوجی دفتر میں پیشی کی مدت 30 دن سے زیادہ نہیں ہو گی۔ مزید یہ کہ بھرتی بورڈ کسی امیدوار کی حاضری کے بغیر بھی استثنیٰ یا مہلت دے سکے گا، جبکہ فوجی دفاتر کو الیکٹرانک سرٹیفکیٹس جاری کرنے کا بھی اختیار مل جائے گا۔ بل کے وضاحتی نوٹ میں کہا گیا ہے کہ اس قانون سے بھرتی مراکز پر دباؤ کم ہو گا اور فوجی انتخاب کے معیار میں بہتری آئے گی۔ اگر صدر نے اس قانون پر دستخط کر دیے تو یہ یکم جنوری سے نافذالعمل ہو جائے گا۔