کراچی میں ڈمپر مافیا بے لگام : واٹر ٹینکر نے ایک اور شہری کو کچل دیا
اسلام آباد (صداۓ روس)
کراچی کے علاقے کلفٹن میں واٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار شہری زندگی کی بازی ہار گیا۔ تفصیلات کے مطابق شہر میں ہیوی ٹریفک کے باعث جان لیوا حادثات کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ کلفٹن بلاک 2 کے قریب تیز رفتار واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل سوار نوجوان کو ٹکر مار دی۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں 30 سالہ حافظ الرحمان موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، جس کی لاش جناح اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔ واقعے کے بعد واٹر ٹینکر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، جبکہ پولیس نے ٹینکر کو تحویل میں لے کر کلفٹن تھانے منتقل کردیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے مفرور ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔ دوسری جانب کیماڑی کے پی ٹی گیٹ نمبر 17 کے قریب ایک گاڑی نے سڑک عبور کرتے بزرگ شہری کو ٹکر مار دی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق شہری کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا جارہا تھا مگر وہ راستے میں دم توڑ گیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کرلی ہیں اور مفرور گاڑی و ڈرائیور کی تلاش شروع کردی ہے۔ ادھر ناگن چورنگی کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والے افراد کی شناخت تاحال معلوم نہیں ہوسکی، تاہم واقعے کی تفتیش جاری ہے۔  
 
					 
			 
				 
				 
				 
				 
						 
					 
										 
									 
										 
									 
										 
									 
										 
									 
										 
									 
										