نئی دہلی میں لال قلعہ میٹرو اسٹیشن کے قریب دھماکا، 9 افراد ہلاک
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں لال قلعہ میٹرو اسٹیشن کے قریب دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 9 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دھماکا میٹرو اسٹیشن کے گیٹ نمبر ایک کے قریب کھڑی ایک گاڑی میں ہوا۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ قریب موجود متعدد گاڑیوں اور رکشوں میں آگ بھڑک اٹھی۔ دہلی فائر ڈیپارٹمنٹ کے حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد 6 گاڑیوں اور 3 رکشوں میں آگ لگی، جس پر بعد ازاں قابو پالیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دھماکے میں ہلاک ہونے والے 9 افراد کی لاشیں اسپتال منتقل کردی گئی ہیں، جبکہ دھماکے کی نوعیت کے حوالے سے تاحال کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقاتی عمل شروع کردیا ہے۔