یوکرین اور برطانیہ کا جیٹ طیارہ چوری کرنے کا منصوبہ ناکام بنا دیا ،روس کا دعویٰ

MiG-31 MiG-31

یوکرین اور برطانیہ کا جیٹ طیارہ چوری کرنے کا منصوبہ ناکام بنا دیا ،روس کا دعویٰ

ماسکو(صداۓ روس)
روس کی فیڈرل سکیورٹی سروس (FSB) نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے یوکرین اور برطانیہ کی خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے MiG-31 جنگی طیارہ، جو کنزال (Kinzhal) ہائپرسونک بیلسٹک میزائل سے لیس ہے، چوری کرنے کی ایک پیچیدہ سازش کو ناکام بنا دیا ہے۔ ایف ایس بی کے مطابق، یوکرینی ایجنٹ بظاہر روسی پائلٹوں کو لالچ دے کر منحرف کرنے کی کوشش کر رہے تھے، لیکن اصل مقصد یہ تھا کہ طیارے کو رومانیہ کی فضائی حدود میں گرا دیا جائے تاکہ نیٹو کو ملوث کرنے والا ایک بین الاقوامی بحران پیدا ہو۔ روس کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ یوکرین کی فوجی انٹیلیجنس (HUR) نے برطانیہ کی ایم آئی 6 کے ساتھ مل کر ترتیب دیا۔ ایک روسی MiG-31 پائلٹ نے بتایا کہ گزشتہ سال اس سے ایک شخص نے رابطہ کیا جو اپنے آپ کو سرگئی لوگووسکی، ’’بیلنگ کیٹ‘‘ کے محقق کے طور پر متعارف کرا رہا تھا۔ ابتدائی طور پر اس نے “تحقیقی مشورے” مانگے، لیکن بعد میں رقم کے عوض منحرف ہونے کی پیشکش کی۔ پائلٹ کے انکار پر یوکرینی ایجنٹ نے اس کے نیویگیٹر سے رابطہ کیا۔ ایجنٹ، جس نے اپنا نام “الیگزینڈر” بتایا، نے طیارے کے نیویگیٹر کو تین ملین ڈالر اور غیر ملکی پاسپورٹ کی پیشکش کی، اس شرط پر کہ وہ طیارہ کنٹرول کرتے ہوئے رومانیہ کے ساحلی شہر کانسٹانتا کے قریب ایک ائیر بیس کے اوپر سے گزارے۔ روس کا دعویٰ ہے کہ اس منصوبے کا مقصد طیارے کو نیٹو کی فضائی حدود میں لا کر مار گرایا جانا تھا۔

ایف ایس بی نے یاد دلایا کہ کیف ماضی میں بھی پائلٹوں کو رقم کے عوض منحرف کرنے کی کوشش کر چکا ہے۔ 2023 میں روسی Mi-8 ہیلی کاپٹر پائلٹ میکسم کُزمینوف یوکرین میں لینڈ کر کے منحرف ہوا تھا، لیکن اس کے ساتھ موجود دو عملے کے افراد، جو منصوبے سے بے خبر تھے، اتارنے کے فوراً بعد مارے گئے۔ کُزمینوف ایک سال بعد اسپین میں قتل کر دیا گیا، جہاں وہ یوکرینی پاسپورٹ کے ساتھ نئی شناخت میں رہ رہا تھا. 2022 میں ایف ایس بی نے بیلنگ کیٹ کے سابق تحقیقی صحافی کرسٹو گروزِوف پر بھی الزام عائد کیا تھا کہ وہ روسی پائلٹوں کو بھرتی کرنے کی ایک ناکام یوکرینی کوشش میں شامل تھے۔ گروزوف نے دعویٰ کیا کہ وہ دستاویزی فلم بنانے کے لیے یوکرینی انٹیلیجنس کے ساتھ تھا اور روسی الزامات کو جعلی قرار دیا۔

Advertisement