اسلام آباد: جی الیون کچہری کے باہر خودکش دھماکہ، 12 ہلاک، متعدد زخمی
اسلام آباد (صداۓ روس)
اسلام آباد میں جی الیون کچہری کے باہر ایک زوردار خودکش دھماکے کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے کی جگہ سے مبینہ خودکش حملہ آور کا سر بھی ملا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے میں 21 افراد زخمی ہوئے، جن میں وکلاء اور سائلین بھی شامل ہیں۔ دھماکہ ایک گاڑی میں کیا گیا، جس کی شدت سے آس پاس کھڑی گاڑیاں بھی آگ کی لپیٹ میں آئیں اور پارکنگ ایریا میں آگ لگ گئی۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ واقعے کے فوری بعد پولیس اور ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکہ بھارتی اسپانسرڈ اور افغان طالبان کی پراکسی “فتنہ الخوارج” کے ذریعے کیا گیا۔ یہ حملہ ملک کے عدالتی نظام اور شہریوں کی حفاظت کے لیے ایک شدید خطرہ قرار دیا جا رہا ہے، اور سیکورٹی اداروں نے شہر میں فوری ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔