قازان (صداۓ روس)
روس کے شہر قازان کے ہوائی اڈے پر اسلامی جمہوریہ پاکستان کے روس میں سفیر، فیصل نیاز ترمذی کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
سفیر پاکستان کا خیر مقدم جنرل پروڈیوسر قومی ثقافت بین الاقوامی میلے ، “روس–مشرق” رفت فتّاخوف اور فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر آر۔ وگاپوف نے کیا۔ اس موقع پر تاتار نیشنل فوک اینسمبل کے فنکاروں نے روایتی تاتار دھنوں پر سفیر پاکستان کا شاندار استقبال کیا، جو دونوں ممالک کے عوام کے درمیان ثقافتی ہم آہنگی اور دوستی کی علامت ہے۔
سفیر فیصل نیاز ترمذی بین الاقوامی ثقافتی میلہ “روس–مشرق” (Eastern Bazaar in Kazan) میں شرکت کے لیے قازان پہنچے ہیں۔ یہ میلہ 11 تا 12 نومبر 2025 کو قازان میں منعقد ہو رہا ہے، جس میں روس کے مختلف علاقوں سمیت متعدد ایشیائی اور اسلامی ممالک کے وفود، فنکار اور ثقافتی نمائندے شریک ہوں گے۔
میلے کا مقصد مشرقی تہذیبوں، روایات اور فنونِ لطیفہ کو فروغ دینا، ثقافتی مکالمے کو مضبوط کرنا اور روس و مسلم دنیا کے تعلقات کو نئی جہت دینا ہے۔ اس موقع پر پاکستانی سفیر مختلف اجلاسوں، نمائشی تقریبات اور ثقافتی سرگرمیوں میں شرکت کریں گے اور پاکستان کے ثقافتی ورثے کو نمایاں انداز میں پیش کریں گے۔