پہلا ون ڈے: پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے میں سری لنکا کو 6 رنز سے شکست دیدی

Pakistan won Pakistan won

پہلا ون ڈے: پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے میں سری لنکا کو 6 رنز سے شکست دیدی

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے دلچسپ اور أعصاب شکن مقابلے کے بعد سری لنکا کو 6 رنز سے شکست دے کر 3 میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔ پاکستان کے 300 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ٹیم 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 293 رنز بناسکی۔ سری لنکا کی جانب سے ونندو ہسارانگا نے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی دکھائی—بولنگ میں 3 وکٹیں لینے کے بعد مشکل صورتحال میں 59 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ دیگر نمایاں بیٹرز میں سمارا وکرما 39، کامل مشرا 38 اور کپتان چیریتھ اسالنکا 32 رنز کے ساتھ شامل تھے۔ پاکستان کی بولنگ لائن اس میچ میں غیر ضروری ایکسٹراز کی وجہ سے دباؤ میں رہی—31 ایکسٹرا رنز میں سے 26 وائیڈز تھیں، جنہوں نے سری لنکن اسکور میں اہم کردار ادا کیا۔ تاہم حارث رؤف نے 4 وکٹیں لے کر اہم موقع پر میچ پاکستان کے حق میں موڑ دیا۔ فہیم اشرف اور نسیم شاہ نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد نواز نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل پاکستان نے بیٹنگ میں سلمان علی آغا کی شاندار ناقابلِ شکست سنچری کے باعث 5 وکٹ پر 299 رنز اسکور کیے۔ سلمان علی آغا نے 83 گیندوں پر سنچری مکمل کی اور 87 گیندوں پر 105 رنز* بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ یہ ان کی ون ڈے کی دوسری سنچری تھی۔ محمد نواز نے ان کے ساتھ مل کر چھٹی وکٹ پر 66 رنز کی اہم شراکت بنائی اور 36 رنز ناٹ آؤٹ رہے۔ دیگر پاکستانی بیٹرز میں حسین طلعت 62، فخر زمان 32 اور بابراعظم 29 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ صائم ایوب 6 اور محمد رضوان 5 رنز بناکر جلد پویلین لوٹ گئے۔ سری لنکا کی جانب سے ہسارانگا نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے 54 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ سری لنکا کے کپتان چیریتھ اسالنکا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ ٹاس کے موقع پر پاکستانی کپتان شاہین شاہ آفریدی نے بھی کہا کہ اگر ہم ٹاس جیتتے تو فیلڈنگ ہی کرتے۔ انہوں نے پچھلی سیریز جیسی اچھی کارکردگی برقرار رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔

Advertisement

پاکستان کی پلیئنگ الیون میں شامل کھلاڑی: فخر زمان، صائم ایوب، بابر اعظم، محمد رضوان، سلمان علی آغا، حسین طلعت، محمد نواز، فہیم اشرف، نسیم شاہ، شاہین آفریدی اور حارث رؤف۔

سیریز کا دوسرا ون ڈے 13 نومبر جبکہ تیسرا 15 نومبر کو کھیلا جائے گا۔