سفیر فیصل نیا ز تِرمذی کی قازان میں “روس-مشرق” ثقافتی میلے کی افتتاحی تقریب میں شرکت
قازان (اشتیاق ہمدانی)
قازان میں ہونے والے بین الاقوامی ثقافتی میلے “روس-مشرق” (Oriental Bazaar in Kazan) کی افتتاحی تقریب میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے سفیر برائے روس، فیصل نیا ز تِرمذی نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں سفیر تِرمذی نے کہا کہ آج حاصل ہونے والا ثقافتی مفاہمت مستقبل میں دونوں ملکوں کے درمیان گہرے اقتصادی تعلقات کی بنیاد فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ “پاکستان تاتارسٹان کے ساتھ مزید تعاون کا خواہاں ہے، جہاں نوجوان اور متحرک ورک فورس کے ساتھ وسیع صارفین کی مارکیٹ موجود ہے۔ سفیر نے مشترکہ منصوبوں اور علمی تبادلے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ سفیر نے اپنے خطاب میں مزید کہا پاکستان، تاتارستان کی طرح، ایک ایسا ملک ہے جہاں قدیم تہذیبیں اور جدید رجحانات آپس میں ملتے ہیں۔ یہاں کی ثقافت، صوفی موسیقی، ٹرک آرٹ اور ذائقہ دار کھانوں کی مختلف صنفیں عالمی ثقافت کے لئے ایک پل کا کردار ادا کرتی ہیں۔ ثقافت کو ایک عالمی زبان کے طور پر سمجھنا، ممالک کے درمیان مضبوط اور پائیدار تعلقات قائم کرنے کا ذریعہ ہے۔
سفیر نے اقتصادی شراکت داری پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ “تاتارستان کے مختلف شعبے، جیسے حلال انڈسٹری، زراعت، آئی ٹی اور دواسازی، پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لیے اہم ہیں۔ انہوں نے آخر میں کہا کہ میلہ نہ صرف ہمارے منفرد روایات کو منانے کا موقع فراہم کرتا ہے بلکہ پاکستان اور روس کے درمیان دیرپا دوستی اور عملی تعاون کے فروغ کا ذریعہ بھی بنے گا۔ میلے میں موسیقار، فنکار، سائنسدان اور حکومت اور ثقافتی اداروں کے نمائندے شریک ہوئے، جن میں 30 اسلامی ممالک کے وفود بھی شامل تھے۔