فیلڈ مارشل عاصم منیر 2030 تک فوج کے سربراہ رہیں گے

Asim Munir Asim Munir

فیلڈ مارشل عاصم منیر 2030 تک فوج کے سربراہ رہیں گے

اسلام آباد (صداۓ روس)
وفاقی کابینہ نے فیڈرل کانسٹی ٹیوشنل کورٹ (پروسیجر اینڈ پریکٹس) ایکٹ 2025 کے مسودے اور پاکستان آرمی ایکٹ، پاکستان ایئر فورس ایکٹ، اور پاکستان نیوی ایکٹ میں ترامیم کی منظوری دے دی۔ یہ اجلاس وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں متعلقہ قوانین کو 27ویں آئینی ترمیم کے مطابق ہم آہنگ کرنے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔ ادھر قومی اسمبلی نے پاکستان آرمی ترمیمی بل 2025، پاکستان ایئر فورس ترمیمی بل 2025، اور پاکستان نیوی ترمیمی بل 2025 بھی منظور کر لیے۔ اپوزیشن نے بلز کی مخالفت کی۔ مجوزہ آرمی ایکٹ کے مطابق آرمی چیف کا عہدہ اب چیف آف ڈیفنس فورسز میں تبدیل ہو گیا ہے اور اس عہدے کی مدت 5 سال ہوگی، جو تعیناتی کی تاریخ سے شروع ہوگی۔ وزیراعظم آرمی چیف کی سفارش پر کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کی تعیناتی کریں گے، جس کی مدت ملازمت 3 سال ہوگی اور دوبارہ تعینات بھی کی جا سکتی ہے۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے قومی اسمبلی میں وضاحتی بیان دیتے ہوئے کہا کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا عہدہ ختم کر دیا گیا ہے، تاہم موجودہ چیئرمین اپنی ریٹائرمنٹ تک اس عہدے پر برقرار رہیں گے۔ نئے مجوزہ آرمی ایکٹ کے تحت آرمی چیف، بطور چیف آف ڈیفنس فورسز، پاک فوج کے تمام شعبوں کی ری اسٹرکچرنگ اور انضمام کریں گے۔

Advertisement