روس، قازقستان اور ازبکستان گیس ٹرانزٹ میں اضافہ کریں گے، قازق صدر کا اعلان

Jomart Tokayev Jomart Tokayev

روس، قازقستان اور ازبکستان گیس ٹرانزٹ میں اضافہ کریں گے، قازق صدر کا اعلان

تاشقند (صداۓ روس)
قازقستان کے صدر قاسم ژومارت توقایف نے کہا ہے کہ روس، قازقستان اور ازبکستان کے درمیان جاری سہ فریقی گیس منصوبہ کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے اور مستقبل میں گیس ٹرانزٹ کی مقدار میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ انہوں نے یہ بات تاشقند میں ایک پریس بریفنگ کے دوران کہی، جہاں وہ سرکاری دورے پر موجود ہیں۔ قازق صدر کے مطابق، تینوں ممالک کی مشترکہ کوششوں سے گیس ٹرانزٹ میں توسیع کے ساتھ ساتھ تیل کے شعبے اور جوہری صنعت میں تعاون کے وسیع امکانات بھی موجود ہیں۔ قازقستانی صدر کے پریس سروس کے مطابق، یہ سہ ملکی پراجیکٹ خطے میں توانائی کے شعبے میں ایک بڑا سنگِ میل ثابت ہو رہا ہے۔

یاد رہے کہ جون 2023 میں ازبکستان نے روسی کمپنی گیز پروم کے ساتھ گیس خریداری کا معاہدہ کیا تھا، جس کے تحت سپلائی اکتوبر 2023 سے شروع ہوئی۔ روسی حکومت کی 16 اکتوبر کی رپورٹ کے مطابق، گیز پروم ازبکستان کو سالانہ 7.7 بلین کیوبک میٹر قدرتی گیس کی فراہمی کا معاہدہ پورا کر رہا ہے، جبکہ مستقبل میں سپلائی میں اضافہ، خصوصاً ایل این جی کی صورت میں، بھی ممکن ہے۔ قازق صدر نے 11 اور 12 نومبر کو روس کا سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد ازبکستان کا رخ کیا۔ تاشقند میں وہ 16 نومبر کو ہونے والے وسطی ایشیائی سربراہانِ مملکت کے مشاورتی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔

Advertisement