ایس سی او سربراہی اجلاس: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار ماسکو پہنچ گئے

Ishaq Dar Ishaq Dar

ایس سی او سربراہی اجلاس: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار ماسکو پہنچ گئے

ماسکو (اشتیاق ہمدانی)
پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار آج ماسکو پہنچ گئے جہاں وہ 17 اور 18 نومبر 2025ء کو ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ (CHG) کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ یہ اجلاس روس کی صدارت میں منعقد ہو رہا ہے اور اس کی میزبانی روسی وزیراعظم میخائل میشوسٹن کر رہے ہیں۔
ماسکو کے ونوکووو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نائب وزیراعظم کو روسی نائب وزیر خارجہ جناب میخائل گالوزن، محکمہ پروٹوکول کے ڈپٹی ڈائریکٹر جناب الیکزینڈر پروسوف، روسی وزارت خارجہ کے سیکنڈ ایشیا ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جناب ایلکسی سورووٹسیف اور پاکستان سفارتخانے ماسکو کے افسران نے پرتپاک انداز میں استقبال کیا۔ استقبال کے موقع پر دونوں ممالک کے قومی پرچم لہرائے گئے اور روایتی پروٹوکول کی پوری پاسداری کی گئی۔
یہ اجلاس شنگھائی تعاون تنظیم کا دوسرا سب سے بڑا فیصلہ ساز فورم ہے جو معاشی، تجارتی، مالیاتی، نقل و حمل، توانائی، ڈیجیٹل اکانومی اور ماحولیاتی تعاون جیسے عملی امور پر توجہ دیتا ہے۔ اجلاس میں چین، روس، بھارت، ایران، قازقستان، کرغیزستان، ازبکستان، تاجکستان اور بیلاروس کے وزرائے اعظم یا نائب وزرائے اعظم شریک ہو رہے ہیں جبکہ پاکستان اور بھارت کی طرف سے وزرائے خارجہ شرکت کر رہے ہیں۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اجلاس سے خطاب کریں گے جس میں وہ پاکستان کے نقطہ نظر کو اجاگر کریں گے، خاص طور پر موسمیاتی تبدیوں، دہشت گردی کے خاتمے، علاقائی رابطوں، سی پیک کے توسیعی منصوبوں اور غذائی تحفظ جیسے اہم ایشوز پر پاکستان کی پالیسی واضح کریں گے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران مشترکہ اعلامیہ، SCO بجٹ کی منظوری اور متعدد معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں۔
اجلاس کے موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے روسی، چینی اور وسطی ایشیائی رہنماؤں کے ساتھ اہم دوطرفہ ملاقاتیں بھی طے ہیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ دورہ پاکستان کی یوریشیائی ممالک کے ساتھ بڑھتی ہوئی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط کرے گا اور SCO کے پلیٹ فارم سے پاکستان کو معاشی اور سیکورٹی فوائد حاصل ہوں گے۔