ایس سی او اجلاس: اسحاق ڈار ماسکو میں پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے

Ishaq Dar Ishaq Dar

ایس سی او اجلاس: اسحاق ڈار ماسکو میں پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے

ماسکو (اشتیاق ہمدانی)
شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے سربراہانِ حکومت کونسل کا اجلاس ماسکو میں جاری ہے، جس کی صدارت روس کے وزیراعظم میخائل مشوسٹن کر رہے ہیں۔ پاکستان کی نمائندگی ڈپٹی وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کر رہے ہیں، جو اس اہم اجلاس میں ملکی مؤقف پیش کریں گے۔ ایران کے پہلے نائب صدر محمد رضا عارف کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد ماسکو پہنچ چکا ہے، جو اجلاس سے خطاب کے ساتھ کئی دوطرفہ ملاقاتیں بھی کرے گا۔ چین کے وزیراعظم لی چیانگ بھی روسی دارالحکومت پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ تنظیم کے اقتصادی ایجنڈے پر اپنی اہم پالیسی تجاویز پیش کریں گے۔ روسی حکومت کے مطابق اجلاس میں آئندہ سال کے ایس سی او بجٹ کی منظوری، آئندہ پانچ سالہ تجارتی و معاشی تعاون پروگرام اور رکن ممالک کے درمیان باہمی سرمایہ کاری کے فروغ، ای-کامرس کے پھیلاؤ، اور ریلوے کمپنیوں کے درمیان تعاون جیسے موضوعات پر جامع بات چیت ہوگی۔ اجلاس میں ثقافتی اور انسانی روابط کو مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ اقدامات بھی زیرِ غور آئیں گے۔

یہ اجلاس 2024–2025 کے دوران روس کی ایس سی او میں صدارت کا آخری بڑا ایونٹ ہے۔ سربراہانِ حکومت تنظیم کی ڈیولپمنٹ اسٹریٹجی 2035 کے جامع اور مرحلہ وار نفاذ سے متعلق اقدامات پر غور کریں گے، جس میں تجارت، سرمایہ کاری، ڈیجیٹل معیشت، ٹیکنالوجی، توانائی، گرین انڈسٹری، مصنوعی ذہانت، تعلیم، سیاحت اور صحت جیسے شعبے شامل ہیں۔ اجلاس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا، جس میں ایس سی او ممالک کی طرف سے منصفانہ، شفاف اور مساوی کثیر الجہتی تجارتی نظام کے دفاع میں متحدہ پالیسی بیان شامل ہوگی۔ عالمی اور علاقائی معاشی صورت حال کے بارے میں ایک الگ بیان بھی جاری کیا جائے گا۔ 2001 میں قائم ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم اس وقت 10 رکن ممالک پر مشتمل ہے، جب کہ 17 ممالک مبصر یا پارٹنر کا درجہ رکھتے ہیں۔ ایس سی او کی مجموعی آبادی 3.5 ارب اور مجموعی جی ڈی پی 24.5 ٹریلین ڈالر سے زائد ہے، جو عالمی معیشت کا ایک چوتھائی حصہ بنتا ہے۔ تنظیم کی سرکاری زبانیں چینی اور روسی ہیں۔ اس اجلاس کی خصوصی کوریج کیلئے عالمی میڈیا سمیت چیف ایڈیٹر اشتیاق ہمدانی کی قیادت میں صداۓ روس کی ٹیم موجود ہے.

Advertisement