امن اور استحکام کے بغیر کوئی بھی معاشی ترقی پائیدار نہیں ہو سکتی” ماسکو میں اسحاق ڈار کا کا خطاب

Ishaq Dar Ishaq Dar

امن اور استحکام کے بغیر کوئی بھی معاشی ترقی پائیدار نہیں ہو سکتی” ماسکو میں اسحاق ڈار کا کا خطاب

ماسکو (اشتیاق ہمدانی)
پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آج شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ (CHG) کے اجلاس میں پاکستان کا سرکاری بیان پیش کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے علاقائی معاشی تعاون، ترقی اور استحکام کے لیے پاکستان کا واضح ویژن پیش کیا اور زور دیا کہ پائیدار ترقی کا انحصار امن، سلامتی اور رابطوں پر ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ رابطہ کاری (connectivity)، بنیادی ڈھانچہ جاتی ترقی، نقل و حمل اور لاجسٹکس SCO ممالک کے درمیان معاشی فاصلوں کو ختم کرنے کی کنجی ہیں۔ انہوں نے توانائی، ڈیجیٹل اکانومی، سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم اور ووکیشنل ٹریننگ میں SCO کے نئے اقدامات کا خیرمقدم کیا اور پاکستان کی جانب سے ان پروگراموں میں مکمل شرکت اور تعاون کا اعادہ کیا۔

Advertisement

نائب وزیراعظم نے خاص طور پر غربت کے خاتمے، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور سماجی و معاشی چیلنجز کے حل پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ “پاکستان معاشی پل تعمیر کرنے کا خواہشمند ہے جو نہ صرف تجارت بڑھائیں بلکہ عوام کو عوام سے جوڑیں”۔ انہوں نے سی پیک کو SCO کے بڑے رابطہ کاری منصوبوں سے جوڑنے کی تجویز کا بھی اشارہ دیا۔ اسحاق ڈار نے دہشت گردی، انتہا پسندی اور غیر قانونی ہجرت جیسے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے SCO کے فورمز کے موثر استعمال پر زور دیا اور کہا کہ “امن اور استحکام کے بغیر کوئی بھی معاشی ترقی پائیدار نہیں ہو سکتی”۔ خطاب کے بعد متعدد رکن ممالک کے وفود نے پاکستان کے مؤقف کی حمایت کی جبکہ چینی پریمیئر لی چیانگ اور روسی وزیراعظم میخائل میشوسٹن نے اسحاق ڈار سے الگ سے ملاقاتیں بھی کیں۔ اجلاس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا جس میں پاکستان کے پیش کردہ نکات کو بھی شامل کیا گیا ہے۔