روسی وزیرِ خارجہ سرگئی لاوروف اور نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ پاکستان اسحاق ڈار کے درمیان اہم ملاقات

Ishaq Dar Ishaq Dar

روسی وزیرِ خارجہ سرگئی لاوروف اور نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ پاکستان اسحاق ڈار کے درمیان اہم ملاقات

ماسکو (اشتیاق ہمدانی)

روسی وزارتِ خارجہ میں پاکستان اور روس کے درمیان اعلیٰ سطحی مذاکرات منعقد ہوئے، جن میں روس کے وزیرِ خارجہ سرگئی وکторовِچ لاوروف اور پاکستان کے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار نے دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی۔ اسحاق ڈار اس وقت ماسکو کے سرکاری دورے پر موجود ہیں جہاں وہ شنگائی تعاون تنظیم (SCO) کے کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ پاکستانی وفد کی سربراہی کرتے ہوئے انہوں نے دو طرفہ اور علاقائی نوعیت کے اہم امور پر روسی قیادت کے ساتھ باضابطہ تبادلۂ خیال کیا۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں پاک۔روس تعلقات کے موجودہ تناظر، اقتصادی تعاون، توانائی، تجارت، سرمایہ کاری، علاقائی سلامتی اور انسدادِ دہشت گردی سمیت کئی شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔ دونوں ممالک نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ گزشتہ برسوں میں پاکستان اور روس کے درمیان روابط میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، اور اس تعاون کو مستقبل میں مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

Advertisement

مذاکرات کے دوران اہم علاقائی و عالمی امور—جن میں افغانستان کی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششیں، عالمی تناؤ، اور یوریشیائی خطے میں اقتصادی رابطوں کی بہتری شامل ہے—پر بھی تفصیلی ’’سویئرکا چاسوف‘‘ (مشترکہ مؤقف کی ہم آہنگی) کی گئی۔ روسی وزارتِ خارجہ کے مطابق ماسکو اور اسلام آباد کے مؤقف میں بین الاقوامی ایجنڈے کے اکثر نکات پر واضح ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ دونوں ممالک نے زور دیا کہ عالمی سطح پر کثیرالجہتی سفارت کاری، اقوامِ متحدہ کے چارٹر، اور علاقائی استحکام کے بنیادی اصولوں کی پاسداری نہایت اہم ہے۔

مزید برآں، روس اور پاکستان نے شنگائی تعاون تنظیم کے فورم پر تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ SCO یوریشیا کی سلامتی اور پائیدار ترقی کا ایک کلیدی ڈھانچہ ہے، اور اس پلیٹ فارم پر باہمی اشتراک دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ملاقات میں متعدد اقتصادی منصوبوں، توانائی کے تعاون، اور بین البینک رابطوں کو فروغ دینے پر بھی بات چیت ہوئی۔ پاکستانی وفد نے روس کے ساتھ تجارت کو مقامی کرنسیوں میں آگے بڑھانے اور ٹرانسپورٹ و لاجسٹکس کے شعبوں میں شراکت داری میں اضافے کی خواہش کا اظہار کیا۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں وزرائے خارجہ نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاک۔روس تعاون خطے میں امن، اقتصادی ترقی اور باہمی مفاہمت کے نئے امکانات پیدا کرے گا۔