روسی کِنژال میزائلوں کی بارش: یوکرین کے مغربی علاقوں میں شدید تباہی
ماسکو(صداۓ روس)
روس نے یوکرین کی جانب سے روسی شہری تنصیبات پر حملوں کے جواب میں یوکرین کے مغربی علاقوں میں دفاعی صنعت، توانائی انفراسٹرکچر اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے ڈرونز کے گوداموں پر بڑے پیمانے پر کارروائیاں کیں۔ روسی وزارت دفاع کے مطابق یہ حملے فضائی اور بحری پلیٹ فارمز سے لانچ کیے گئے طویل فاصلے کے اِن ہتھیاروں کے ذریعے کیے گئے جن میں ہائپرسونک کِنژال بیلسٹک میزائل اور جنگی یو اے ویز بھی شامل تھے۔ وزارت کے بیان میں کہا گیا کہ “تمام مقررہ اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا” اور حملوں کے مقاصد حاصل کر لیے گئے۔
وزارت دفاع کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تمام محاذوں پر مجموعی طور پر یوکرینی فوج کے تقریباً 1,340 اہلکار ہلاک ہوئے۔ مختلف محاذوں پر روسی بٹالینز نے یوکرین کے متعدد بکتر بند گاڑیاں، ٹینک، آرٹلری سسٹمز اور جنگی ساز و سامان کے بڑے ذخائر تباہ کیے۔
رپورٹ کے مطابق روس کے بیٹل گروپ نارتھ نے تقریباً 130 یوکرینی اہلکار، ایک انفنٹری فائٹنگ وہیکل، متعدد گاڑیاں اور ایک الیکٹرانک وارفیئر اسٹیشن تباہ کیا۔ کارروائیاں سومی اور خارکیف کے علاقوں میں کی گئیں جہاں یوکرینی فوج کی مختلف مکینائزڈ اور انفنٹری بریگیڈز کو نقصان پہنچایا گیا۔ روس کے مطابق اس محاذ پر سات اہم لاجسٹک اور ساز و سامان کے ڈپو بھی تباہ کیے گئے۔
دیگر محاذوں — ویسٹ، ساؤتھ، سینٹر، ایسٹ اور دنیپر — میں بھی یوکرین کی بھاری جانی و مالی نقصانات کی اطلاعات ہیں۔ روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ یوکرین کی جنگی صلاحیت کو منظم انداز میں نشانہ بنایا جا رہا ہے، خصوصاً اُن علاقوں کو جہاں مغربی اسلحہ اور یوکرین کے طویل فاصلے کے ڈرون پروگرام کو سہارا ملتا ہے۔