روس میں پاکستانی سفیر کی کمیونٹی کیلئے کھلی کچہری
ماسکو(صداۓ روس)
اسلامی جمہوریہ پاکستان کے روس میں سفیر H.E. فیصل نیاز ترمذی نے آج روس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے افراد کے ساتھ ایک کھلی کچہری منعقد کی، جس میں مختلف مسائل اور معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ کھلی کچہری میں ویزہ مسائل، تجارت کے معاملات اور دیگر کمیونٹی امور پر بات چیت کی گئی۔ سفیر فیصل نیاز ترمذی نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ ماسکو میں پاکستانی سفارت خانہ روس میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور انہیں ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے کمیونٹی کے نمائندوں اور افراد کو دعوت دی کہ وہ اپنے غیر حل شدہ مسائل کی تفصیلی معلومات سفارت خانے کے ساتھ شیئر کریں تاکہ ان کے حل کے لیے زیادہ مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔ ماسکو میں پاکستانی سفارت خانہ روس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی خدمت اور رہنمائی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔