روس یوکرین تنازع میں فوجی حل ممکن نہیں، ڈائیلاگ ہی راستہ ہے، پاکستان

Asim Iftikhar Ahmed Asim Iftikhar Ahmed

روس یوکرین تنازع میں فوجی حل ممکن نہیں، ڈائیلاگ ہی راستہ ہے، پاکستان

ماسکو(صداۓ روس)
پاکستان نے عالمی سطح پر ایک بار پھر واضح مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کا واحد حل مذاکرات اور سفارت کاری ہے، جنگ نہیں۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے ایک اہم اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر قسم کے تنازع کے پرامن اور سیاسی حل کا حامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس–یوکرین جنگ نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پوری دنیا کے لیے شدید معاشی اور انسانی تباہی کا باعث بن رہی ہے۔ لاکھوں افراد کی زندگیاں خطرے میں ہیں جبکہ بنیادی ڈھانچے کی تباہی عالمی امن و استحکام کے لیے تشویشناک ہے۔ پاکستانی مندوب نے عالمی قوانین کے مطابق شہریوں اور سول انفراسٹرکچر کے تحفظ کو یقینی بنانے پر زور دیا اور کہا کہ اس تنازع کا کوئی فوجی حل ممکن نہیں۔ دونوں فریقوں کو چاہیے کہ فوری طور پر تصادم میں کمی لائیں اور مذاکرات کی راہ اختیار کریں۔

یہ بیان اُس وقت سامنے آیا ہے جب امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس–یوکرین جنگ ختم کرنے کے لیے ایک خفیہ 28 نکاتی امن منصوبہ منظور کیا ہے۔ اس منصوبے کی قیادت امریکی خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف کر رہے ہیں، اور ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ روڈ میپ روس کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے۔
پاکستان نے اس حوالے سے جاری تمام سفارتی کوششوں کی مکمل حمایت کا اظہار کیا ہے اور عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ اس تنازع کو جلد از جلد پرامن طریقے سے ختم کرنے میں کردار ادا کرے۔

Advertisement