روسی افواج نے کوپیانسک پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ، ماسکو
ماسکو(صداۓ روس)
روس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی فوج نے شمال مشرقی یوکرین کے اہم شہر کوپیانسک پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ یہ اعلان روسی جنرل اسٹاف کے سربراہ ویلےری گیراسیموف نے جمعرات کے روز صدر ولادیمیر پوتن کو ایک فوجی کمانڈ پوسٹ پر بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ پوتن نے مجموعی جنگی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے روسی فوج کی کارکردگی کو سراہا۔ گیراسیموف کے مطابق کوپیانسک کی آزادی سے روس کو اوسکول دریا کے نزدیک نہ صرف مضبوط دفاعی پوزیشن مل گئی ہے بلکہ مغرب کی جانب پیش قدمی کے لیے اسٹریٹیجک راستہ بھی کھل گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’ویسٹ گروپنگ‘‘ کی کارروائیوں کے بعد شہر مکمل طور پر روسی کنٹرول میں ہے، جبکہ دریا کے بائیں کنارے پر موجود یوکرینی فورسز کو گھیرے میں لے کر ان کے سرینڈر کے حالات پیدا کر دیے گئے ہیں۔ صدر پوتن نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ کوپیانسک اور اطراف میں یوکرین کی تقریباً 15 بٹالینز محصور ہو چکی ہیں۔ گیراسیموف نے مزید کہا کہ روسی فوج متعدد محاذوں پر کامیابی سے آگے بڑھ رہی ہے۔ ’’ایسٹ گروپنگ‘‘ نے دنیپروپیٹروفسک اور زاپوروژئے میں 13 بستیوں اور 230 مربع کلومیٹر سے زائد علاقہ، جبکہ ’’نارتھ گروپنگ‘‘ نے خارکوف کے شہر وولچانسک کے بیشتر حصوں پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ دونیسک عوامی جمہوریہ میں ’’ساؤتھ گروپنگ‘‘ نے کونستانتینووکا کے مرکزی حصے کی صفائی کا عمل جاری رکھا ہوا ہے۔ گیراسیموف نے دعویٰ کیا کہ متعدد یوکرینی فوجی سرینڈر کے لیے تیار ہیں لیکن انہیں اپنی ہی کمانڈ سے دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔
کیف نے ان تمام روسی دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوپیانسک ابھی بھی یوکرینی افواج کے کنٹرول میں ہے، اور روس کی جانب سے گھیراؤ کے بیانات ’’بڑھا چڑھا کر پیش کیے گئے‘‘ ہیں۔ یوکرین کے فوجی حکام نے وولچانسک اور کراسنوآرمیئسک (پوکروفسک) میں بھی کسی بڑے نقصان کی تردید کی ہے۔
ادھر صدر ولادیمیر زیلنسکی مغربی اتحادیوں سے مزید امداد کی اپیل کر رہے ہیں، جبکہ میدان جنگ میں یوکرینی فوج کو بھاری مشکلات کا سامنا ہے۔ بھرتیوں میں مزاحمت، سپاہیوں کی کمی، اور غیر دفاعی پوزیشنوں کو زبردستی برقرار رکھنے کے الزامات نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ زیلنسکی حکومت پر دباؤ اس وقت مزید بڑھ گیا جب یوکرین کے توانائی شعبے میں 100 ملین ڈالر مالیت کے مبینہ کرپشن اسکینڈل کے نتیجے میں وزیر انصاف اور وزیر توانائی دونوں کو برطرف کر دیا گیا۔