سندھ ایک دن بھارت میں واپس آ سکتا ہے، راج ناتھ سنگھ کا دعویٰ

Rajnath Singh Rajnath Singh

سندھ ایک دن بھارت میں واپس آ سکتا ہے، راج ناتھ سنگھ کا دعویٰ

اسلام آباد (صداۓ روس)
بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اتوار کے روز ایک متنازع بیان دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اگرچہ آج سندھ بھارت کا حصہ نہیں ہے، مگر یہ خطہ تہذیبی اور ثقافتی طور پر بھارت سے گہرا تعلق رکھتا ہے — اور ’’ایک دن دوبارہ بھارت میں واپس آ سکتا ہے‘‘۔ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ کا کہنا تھا کہ دریائے سندھ کے کنارے آباد صوبہ سندھ 1947 کی تقسیم کے وقت پاکستان کا حصہ بنا، جس کے بعد بڑی تعداد میں سندھی ہندو بھارت ہجرت پر مجبور ہوئے۔ ان کے مطابق سندھ کا خطہ جغرافیائی طور پر گجرات اور راجستھان کے نزدیک ہونے کے ساتھ ساتھ ثقافتی طور پر بھی بھارت سے وابستہ ہے۔

راج ناتھ سنگھ نے اپنے خطاب میں سابق بھارتی نائب وزیرِاعظم ایل کے ایڈوانی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کی نسل کے سندھی ہندو آج تک سندھ کی علیحدگی کو دل سے قبول نہیں کر سکے، کیونکہ اُن کے نزدیک دریائے سندھ اُن کی تہذیبی شناخت کا بنیادی حصہ ہے۔ اس بیان نے بھارت کے سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

Advertisement

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ راج ناتھ سنگھ کا یہ بیان پاکستان اور بھارت کے درمیان پہلے سے موجود کشیدگی میں مزید اضافے کا باعث بن سکتا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب دونوں ممالک کے تعلقات انتہائی حساس موڑ پر کھڑے ہیں۔ سندھ جیسے اہم اور تاریخی خطے کے بارے میں اس طرح کا دعویٰ جنوبی ایشیا کی سیاست میں نئی گڑبڑ پیدا کر سکتا ہے۔