ماسکو میں بڑے رہائشی یونٹس کی مانگ میں اضافہ

Moscow Moscow

ماسکو میں بڑے رہائشی یونٹس کی مانگ میں اضافہ

ماسکو (صدائے روس)
روس کے دارالحکومت ماسکو میں نئی تعمیر ہونے والی عمارتوں میں کثیرالکمرہ (Multi-room) فلیٹس کی فراہمی میں ایک سال کے دوران تقریباً 30 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ریئل اسٹیٹ کمپنی “میٹریئم” کی جانب سے Izvestia کو فراہم کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق ’’اولڈ ماسکو‘‘ کے نئے ہاؤسنگ مارکیٹ میں ہر 27 میں سے صرف ایک فلیٹ ہی کثیرالکمرہ ہے، مگر اس کی مانگ اور رسد دونوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ میٹریئم کے مطابق نومبر 2025 تک اولڈ ماسکو کی پرائمری مارکیٹ میں 38 ہزار 120 فلیٹس فروخت کے لیے موجود تھے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 14 فیصد کم ہیں۔ تاہم، ان میں سے 1 ہزار 415 کثیرالکمرہ فلیٹس تھے، جن کی تعداد 2024 کے مقابلے میں 30 فیصد زیادہ ہے، جب ایسے فلیٹس کی تعداد 1 ہزار 89 تھی۔ اعداد و شمار کے مطابق ماسکو کے تمام ریئل اسٹیٹ سیکٹرز — ماس مارکیٹ، بزنس کلاس، پریمیم اور الیٹ — میں کثیرالکمرہ فلیٹس کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا۔ ماس مارکیٹ میں 42 فیصد، بزنس کلاس میں 29 فیصد، پریمیم میں 22 فیصد اور الیٹ سیکٹر میں 38 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ایم آر کمپنی کی ڈپٹی جنرل ڈائریکٹر برائے پراڈکٹ اینڈ ڈویلپمنٹ، ژانا ماخووا کے مطابق اس رجحان میں اضافے کی بڑی وجہ خاندانی رہائشی منصوبوں کے لیے بڑھتی ہوئی دلچسپی، فیملی مارگیجز کی مقبولیت، اور پینٹ ہاؤسز، ٹیرس اور پیٹیوز جیسے لگژری آپشنز کی مانگ میں اضافہ ہے۔ ان کے مطابق اگرچہ ڈی ڈی یو ٹرانزیکشنز میں ایسے فلیٹس کا حصہ صرف 2 سے 3 فیصد ہے، تاہم یہ ڈویلپرز کی کل آمدن کا تقریباً 10 فیصد فراہم کرتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اس وقت نئی تعمیرات میں کثیرالکمرہ فلیٹس کا مجموعی حصہ 3 فیصد سے بھی کم ہے، مگر ایک سال کے دوران ان کی فراہمی میں 1.2 گنا اضافہ ہو چکا ہے۔ ماس مارکیٹ میں ان کی شرح سب سے کم 0.7 فیصد جبکہ لگژری سیکٹر میں سب سے زیادہ 22 فیصد تک ہے۔

Advertisement

راریٹیکو کی ڈویلپمنٹ ڈائریکٹر ایکاترینا بوریسووا کا کہنا ہے کہ 2025 میں پہلی بار ماسکو کے لگژری سیکٹر میں کثیرالکمرہ فلیٹس کی تعداد 400 سے تجاوز کر گئی ہے۔ اس کی وجہ شہر میں انتہائی مہنگے اور خصوصی نوعیت کے نئے پروجیکٹس کا شامل ہونا ہے، جو دیہی رہائشی احساس کے ساتھ پھیلے ہوئے بڑے اپارٹمنٹس پر مشتمل ہیں۔ ان کے مطابق ’’گولڈن کوارٹر‘‘ جیسے پروجیکٹس میں ایک ملٹی روم فلیٹ کا اوسط رقبہ 229 مربع میٹر تک ہے جبکہ نئے پینٹ ہاؤسز کا سائز 1,000 مربع میٹر کے قریب پہنچ چکا ہے۔ دوسری جانب 14 نومبر کو ’’گریڈ ڈویلپمنٹ‘‘ نے بتایا کہ اکتوبر میں ماسکو میں فی مربع میٹر رہائشی قیمتیں 4 لاکھ سے 19 لاکھ روبل کے درمیان رہیں۔ سب سے مہنگا علاقہ ہمیشہ کی طرح سینٹرل ایڈمنسٹریٹو ڈسٹرکٹ رہا، جہاں قیمت 19.3 لاکھ روبل فی مربع میٹر تک پہنچ گئی، جبکہ دوسرا نمبر مغربی ضلع زاؤ (ZAO) کا رہا جہاں قیمتیں 7 لاکھ روبل فی مربع میٹر تک ریکارڈ کی گئیں۔