روستوف کے گورنر کی بیلاروس میں روسی برادری سے براہِ راست ملاقات
روستوف (اشتیاق ہمدانی)
بیلاروس میں روس تعاون (Россотрудничество) کے نمائندہ دفتر میں روستوف کے گورنر یوری سلوسار کی بیلاروس میں مقیم روسی ہم وطنوں کے ساتھ ایک اہم ملاقات منعقد ہوئی۔ اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی، ثقافتی اور سماجی روابط کے فروغ سے متعلق اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ یہ اطلاع روستوف ریجن کی سرکاری پریس سروس نے جاری کی۔ گورنر یوری سلوسار نے اس موقع پر بیرونِ ملک مقیم روسی شہریوں کے درمیان باہمی تعاون کو موجودہ جغرافیائی و سیاسی حالات کے تناظر میں نہایت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ روسی ہم وطن دنیا بھر میں یکجا ہو کر اپنے رشتوں اور تعاون کو مضبوط بنائیں۔ انہوں نے بتایا کہ روس اور بیلاروس کے درمیان بڑے پیمانے پر کاروباری تعلقات پہلے سے مضبوط ہیں، اور گزشتہ روز اسی سلسلے میں بیلاروس کے صدر کے ساتھ تفصیلی بات چیت بھی ہوئی۔ گورنر نے کہا کہ ایک بڑے انفراسٹرکچر منصوبے پر کام جاری ہے جس کے تحت بیلاروس کے تعاون سے تقریباً ایک ہزار سے زائد پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کی تجدید کی جائے گی۔ ان کے مطابق اس منصوبے میں مناسب لیزنگ شراکت اور جلد ہی روستوف ریجن میں ’’MAZ‘‘ کے ملٹی برانڈ ڈیلر سینٹر کے قیام کی بھی توقع ہے۔ تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ درمیانے اور چھوٹے درجے کے کاروباری تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ یوری سلوسار نے دونوں ممالک کے درمیان اشیائے خورونوش اور گروسری مصنوعات کی تجارتی رسائی کے فروغ پر بھی زور دیا۔ ان کے مطابق روستوف ریجن میں ’’بیلاروسی پراڈکٹس‘‘ کی تقریباً 200 ریٹیل شاپس پہلے ہی کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے زرعی و صنعتی شعبوں، خصوصاً ایگرو انڈسٹری اور پراسیسنگ سیکٹر کو مزید قریب لانے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔
ثقافتی تعلقات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے خصوصی طور پر ڈان کے قزاقوں کی تاریخ، ان کی حب الوطنی، ملک کے دفاع اور انسانی امداد میں ان کے کردار کا ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ روستوف ریجن میں قزاق تعلیم، ثقافتی سرگرمیوں اور تخلیقی شعبوں کو فروغ دینے کے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے بیلاروس کے قزاق نمائندوں کے ساتھ دونوں قزاق تنظیموں—’’وسویلیکویو دونسکویئے ووسکو‘‘ اور ’’منسک یونائیٹڈ قزاق اوکرگ‘‘—کے درمیان باضابطہ معاہدہ کرنے کی تجویز سے اتفاق کیا۔
گورنر نے ملاقات میں موجود ہم وطنوں کو روستوف ریجن کی حب الوطنی پر مبنی تحریک “ڈورگی سلاوی – ناشا استوریا” کے بارے میں بھی آگاہ کیا، جو تاریخی یادداشت کے فروغ کے لیے فورمز اور آٹو ریلیوں کا انعقاد کرتی ہے۔ انہوں نے تمام شرکاء کو “مِرَتْوَرچَسْتو پَکَالِینی” فورم میں شرکت کی دعوت دی، جو 20 سے 24 نومبر تک روستوف ریجن میں منعقد ہوگا۔ یوری سلوسار نے عالمی سطح پر مشہور ادبی مہم “دنیا چیکوف کو پڑھتی ہے” کا بھی ذکر کیا، جس کا آغاز ٹاگانروگ—مصنف چیکوف کے آبائی شہر—نے کیا تھا۔ اس سال 2025 میں اس مہم میں دنیا کے 77 ممالک نے حصہ لیا، جن میں بیلاروس بھی شامل ہے۔ گورنر نے روسی ہم وطنوں کا روسی زبان، ثقافت اور تاریخی ورثے کے فروغ میں ان کی خدمات پر خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ روستوف ریجن ہمیشہ ان کے ثقافتی منصوبوں اور مشترکہ سرگرمیوں کی حمایت کے لیے تیار ہے۔ اپنی گفتگو کے اختتام پر یوری سلوسار نے بیلاروس میں مقیم روسی شہریوں کو ڈان ریجن کا دورہ کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہم آپ کو خوش آمدید کہنے کے لیے بے حد خوش ہوں گے۔ ہمارے تاریخی قزاق گاؤں ستاروزولوتووسکی سمیت متعدد قزاق بستیوں اور ہمارے منفرد تھیٹرز کا ضرور دورہ کیجیے۔ ہمارے پاس دکھانے اور بانٹنے کے لیے بہت کچھ ہے۔”