صدر پوتن بھارت کے سرکاری دورے پر روانہ

Putin Putin

صدر پوتن بھارت کے سرکاری دورے پر روانہ

ماسکو (صداۓ روس)
روسی صدر ولادیمیر پوتن دو روزہ سرکاری دورے پر بھارت روانہ ہو گئے ہیں۔ کریملن کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان ان روابط کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ اس دورے کے دوران روسی وفد اپنے بھارتی ہم منصبوں کے ساتھ سیاسی، تجارتی و اقتصادی، سائنسی و تکنیکی اور ثقافتی و انسانی شعبوں میں تعاون سے متعلق جامع مذاکرات کرے گا، جبکہ موجودہ علاقائی اور عالمی امور بھی ایجنڈے کا حصہ ہوں گے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اپنی رہائش گاہ پر صدر پوتن کا غیر رسمی ون-آن-ون ملاقات کے لیے استقبال کریں گے۔ اگلے روز صدارتی محل میں بھارتی صدر دروپدی مرمو اور وزیراعظم مودی کی موجودگی میں باضابطہ خیرمقدمی تقریب ہوگی۔ اس کے بعد محدود اور توسیع شدہ پیمانے پر روس-بھارت مذاکرات، وزیراعظم مودی کی جانب سے سرکاری ظہرانہ اور خصوصی کنسرٹ پروگرام، بھارتی صدر سے ملاقات اور ان کے اعزاز میں ریاستی استقبالیہ بھی شامل ہے۔

صدر پوتن روس-بھارت بزنس فورم میں شرکت کریں گے اور مہاتما گاندھی کی یادگار پر پھول بھی چڑھائیں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان دس بین الحکومتی دستاویزات اور پندرہ سے زائد تجارتی و غیر تجارتی معاہدے و یادداشتیں دستخط کے لیے تیار کی جا رہی ہیں۔ صدر پوتن کا یہ دورہ سرکاری دورہ (State Visit) کی حیثیت رکھتا ہے، جو سفارتی پروٹوکول میں سب سے اعلیٰ سطح ہے۔ روایت کے مطابق ایسے دورے کئی روز پر مشتمل ہوتے ہیں اور وسیع النوع پروگراموں خصوصاً ثقافتی سرگرمیوں پر مشتمل ہوتے ہیں۔

Advertisement