ماسکو (صدائے روس)
چیچن جمہوریہ کے پہلے صدر اور روس کے ہیرو احمد حاجی قدیروف کی یاد میں منعقد کیے جانے والے بارہویں بین الاقوامی صحافتی ایوارڈ “گولڈن پین” کی پروقار تقریب 11 دسمبر کو چیچنیا کے دارالحکومت گروزنی میں منعقد ہوگی۔
اس بین الاقوامی سطح کے صحافتی ایونٹ کا انعقاد وزارتِ قومی پالیسی، بین الاقوامی تعلقات، اطلاعات و پریس (چیچن جمہوریہ) کر رہی ہے، جبکہ اس کی کوآرڈینیشن وزارت کے اطلاعات و پریس ڈیپارٹمنٹ کے زیرِ انتظام انجام دی جا رہی ہے۔
تقریب کے دوران دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کی بہترین تخلیقات اور رپورٹس کو ایوارڈز سے نوازا جائے گا، جبکہ جدید صحافت میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والی ممتاز شخصیات کو بھی خصوصی اعزازات دیے جائیں گے۔

یاد رہے کہ پاکستانی صحافی اشتیاق ہمدانی کی 2025 میں چیچنیا سے متعلق شائع ہونے والی خصوصی تحقیقی رپورٹ کو عالمی سطح پر غیر معمولی پذیرائی حاصل ہوئی تھی۔ اس رپورٹ میں انہوں نے صدرِ روس ولادیمیر ولادیمیرووچ پوتن کی وفاقی پالیسیوں کے تناظر میں اس امر کا جامع تجزیہ پیش کیا تھا کہ چیچنیا کس طرح اقتصادی، انتظامی اور سکیورٹی شعبوں میں مزید ترقیاتی فوائد حاصل کر سکتا ہے۔
رپورٹ میں خاص طور پر بین الاقوامی شمال-جنوب ٹرانسپورٹ کوریڈور (North–South Transport Corridor) پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی تھی، جو ایک عالمی سطح کا ملٹی موڈل تجارتی و مواصلاتی منصوبہ ہے۔ یہ منصوبہ روس، قفقاز، ایران اور وسطی ایشیا کے راستے شمالی یورپ کو بحرِ ہند سے جوڑنے کے لیے تیار کیا گیا ہے، تاکہ سوئیز کینال کے متبادل تجارتی راستے کے طور پر خطے کی معیشت کو نیا فروغ دیا جا سکے۔
اشتیاق ہمدانی کی اس رپورٹ میں واضح کیا گیا تھا کہ صدر پوتن کے “شمال-جنوب” وژن کے تحت چیچنیا کو لاجسٹکس، تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی سکیورٹی کے شعبوں میں کس طرح اسٹریٹیجک اہمیت حاصل ہو سکتی ہے۔
یہ رپورٹ چیچنیا کے حکومتی، سفارتی اور صحافتی حلقوں میں بے حد سراہي گئی تھی اور اسے علاقائی ترقی اور جیو اکنامکس کے تناظر میں ایک اہم دستاویزی تجزیہ قرار دیا گیا تھا۔