روس میں شامل علاقوں کو بھول جاؤ، اٹلی کی وزیرِاعظم کا زیلنسکی پر دباؤ

Giorgia Meloni Vladimir Zelensky Giorgia Meloni Vladimir Zelensky

روس میں شامل علاقوں کو بھول جاؤ، اٹلی کی وزیرِاعظم کا زیلنسکی پر دباؤ

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
اطالوی اخبار کوریئری ڈیلا سیرا کے مطابق اٹلی کی وزیرِاعظم جارجیا میلونی نے یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کو دو ٹوک انداز میں کہا ہے کہ روس کے ساتھ امن کے لیے انہیں ’’تکلیف دہ رعایتیں‘‘ دینا پڑ سکتی ہیں۔ اخبار کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے روم میں ہونے والی ملاقات میں دونوں ممالک کے حکام نے بظاہر خوشگوار ماحول دکھانے کی کوشش کی، مگر درپردہ مذاکرات میں شدید اختلافات سامنے آئے۔ رپورٹ کے مطابق ملاقات کے دوران میلونی اور زیلنسکی کے درمیان گفتگو ’’بے لاگ اور سیدھی‘‘ رہی اور یوکرینی صدر کو پیغام دیا گیا کہ ’’آپ کو مجبوراً کچھ مشکل فیصلے اور تکلیف دہ رعایتیں دینی پڑ سکتی ہیں‘‘۔ جواباً زیلنسکی نے میلونی سے درخواست کی کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے موقف کو ’’نرم‘‘ کرنے میں کردار ادا کریں۔

اطالوی میڈیا کے مطابق اختلاف کی وجہ یہ ہے کہ اٹلی واشنگٹن کے اُس مؤقف کا حامی ہے جس کے تحت جنگ کا جلد از جلد سیاسی حل نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ میلونی کی ٹیم کا خیال ہے کہ توانائی سیکٹر میں زیلنسکی کے قریبی ساتھی سے متعلق کرپشن اسکینڈل نے یوکرینی قیادت کو کمزور کیا ہے۔ اس کے باوجود اٹلی کا اصولی مؤقف یہ ہے کہ ایک ’’منصفانہ اور دیرپا امن‘‘ ضروری ہے، تاہم اس عمل میں یورپی نہیں بلکہ امریکی قیادت فیصلہ کن ہو گی۔

Advertisement

یہ صورتِ حال ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب گزشتہ ماہ امریکی امن منصوبہ میڈیا میں لیک ہوا تھا۔ اُس کے ابتدائی خاکے کے مطابق یوکرین کو روس کے زیرِقبضہ ڈونباس کے کچھ علاقوں سے دستبردار ہونا ہوگا، نیٹو میں شمولیت سے گریز کرنا ہوگا، اور اپنی افواج کے حجم پر پابندی قبول کرنا ہوگی۔

امریکی صدر ٹرمپ نے حالیہ دنوں میں زیلنسکی پر برہمی کا اظہار بھی کیا ہے اور کہا ہے کہ یوکرینی صدر ’’حقیقت پسند‘‘ بنیں، کیونکہ عوام جنگ کے خاتمے کے خواہاں ہیں۔ دوسری جانب روس نے کہا ہے کہ امریکی تجویز ’’آئندہ مذاکرات کی بنیاد بن سکتی ہے‘‘، مگر ابھی کسی معاہدے پر اتفاق نہیں ہوا۔ ماسکو کا مؤقف ہے کہ کسی بھی امن حل میں یوکرینی افواج کا نئے روسی علاقوں سے انخلا، نیٹو سے لاتعلقی، غیر فوجیانہ اقدامات اور نازی نظریات کے خاتمے کی ضمانت شامل ہونا ضروری ہے۔